رسائی کے لنکس

زیر حراست امریکی خاتون کی ایران میں رہائی


زیر حراست امریکی خاتون کی ایران میں رہائی
زیر حراست امریکی خاتون کی ایران میں رہائی

ایرانی ٹی وی کے مطابق زیر حراست تین امریکی سیاحوں میں شامل ایک خاتون سارا شورڈ کو طبی وجوہات کی بنیاد پر ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے، تاہم انہیں اپنے خلاف مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکی سیاحوں پر جاسوسی اور غیر قانونی طورپر ایرانی حدود میں داخل ہونے کا الزام ہے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے کہاہے کہ ایران میں ایک سال سے زیادہ عرصے سے زیر حراست امریکی سیاحوں میں سے ایک کو رہا کردیا گیا ہے۔

تینوں امریکی سیاحوں کے وکیل مسعود شفع نے کہا ہے کہ 32 سالہ سارا شورڈ کو منگل کے روز ایوین جیل سے رہا کردیا گیا۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ یہ رہائی پانچ لاکھ ڈالر کی ضمانت پر ہوئی ہے۔

پریس ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق 32سالہ امریکی خاتون سارا شورڈ کو منگل کے روز تہران کی جیل سے رہا کردیا گیا ، تاہم اس رپورٹ کی تصدیق سوئس سفارت خانے سے نہیں ہوسکی، جو وہاں امریکی مفادات کی دیکھ بھال کرتا ہے۔

ایرانی حکام نے شورڈ اور دودوسرے امریکی سیاحوں شین باؤر اور جوش فیٹل کو پچھلے سال جولائی میں یہ کہتے ہوئے گرفتار کیا تھا کہ وہ شمالی عراق سے ایران میں داخل ہوئے تھے۔ ایرانی حکام نے بعد میں ان پر جاسوسی اور غیر قانونی طورپر ملک میں داخل ہونے کے الزامات لگائے تھے۔ سیاحوں کے خاندانوں کا اصرار ہے کہ وہ جاسوس نہیں ہیں اور انہوں نے حادثاتی طورپر سرحد عبور کی تھی۔

ایران نے اتوار کے روز اعلان کیاتھا کہ شورڈ کو طبی وجوہات کی بنا پر پانچ لاکھ کی ضمانت پر رہا کیا جاسکتا ہے، تاہم انہیں مقدمے کا سامنا کرنے پڑے گا۔ شورڈ کے خاندان کا کہنا ہے کہ اسے چھاتی میں گلٹی اور گردن میں کینسر کے امکانی خلیوں کے پیش نظر علاج معالجے کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG