رسائی کے لنکس

ایران فوجی آمریت کا ملک بنتا جارہاہے: ہلری کلنٹن


امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے کہاہے کہ امریکہ کا خیال ہے کہ ایران ایک فوجی آمریت کا ملک بنتا جارہاہے اور یہ کہ ایران کی پاسداران انقلاب دراصل حکومت چلارہی ہے۔

وزیر خاجہ نے یہ تبصرے ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف دباؤ بڑھانے کی کوششوں میں اضافے سے متعلق خلیج کے علاقے کے اپنے دورے کے سلسلے میں پیر کے روز سعودی عرب کے لیے روانگی سے قبل کیے۔

مز کلنٹن ایران کے خلاف نئی پابندیوں پر عرب حمایت کے حصول کے لیے سعودی شاہ عبد اللہ اور وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل سے ملاقات کر رہی ہیں۔

اتوار کے روز قطر میں یو ایس۔ اسلامک ورلڈ فورم سے خطاب کرتے ہویے مز کلنٹن نے کہا کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ جوہری تنازع کا ایک پر امن حل چاہتا ہے لیکن وہ اس صورت میں ایرانیوں کے ساتھ بات چیت نہیں کرے گا جب کہ وہ اپنا بم بنا رہے ہوں۔

توقع ہے کہ امریکی وزیر خارجہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے سلسلے میں امریکی کوششوں پر بھی گفتگو کریں گی۔

XS
SM
MD
LG