رسائی کے لنکس

ایران نہیں، امریکہ فوجی آمریت کی طرح عمل کر رہا ہے: ایران


ایران کے وزیرِ خارجہ نے امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن کے اس بیان کی مخالفت کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران فوجی آمریت بننے کی راہ پر گام زن ہے۔

ایرانی ذرائعِ ابلاغ نے خبر دی ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ منوچہر متکی نے منگل کے روز کہا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ ایرانی رائے عامہ پر غیر حقیقی اور غلط معاملات کے ذریعے اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔

پیر کے روز ہلری کلنٹن نے قطر میں طلبا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے خصوصی فوجی دستے پاس دارانِ انقلاب حکومت کو ہٹا کر اس کی جگہ لیتے جا رہے ہیں۔

متکی نے منگل کے روز یہی الزام امریکہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ ہے جو عراق اور افغانستان میں فوجی کارروائیوں کے ذریعے فوجی آمریت کی طرح عمل کر رہا ہے۔

امریکہ کا خیال ہے کہ ایران کی طرف سے سیکیورٹی کا خطرہ لاحق ہے اور امریکہ سلامتی کونسل کے ذریعے ایران پر مزید پابندیاں لگانے کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں میں پیش پیش ہے۔ جب کہ ہلری کلنٹن نے خیال ظاہر کیا ہے کہ نئی پابندیاں پاس دارانِ انقلاب کے خلاف ہونی چاہئیں۔

XS
SM
MD
LG