رسائی کے لنکس

ایران: 15 جولائی کے حملوں کے شبے میں نو افراد گرفتار


ایران کے ایک عدالتی عہدے دار کاکہناہے کہ حکام نے 15 جولائی کے دو خودکش حملوں میں ملوث ہونےکے شبے میں نو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ جنوبی شہر زاہدان میں ہونے والے ان حملوں میں 27 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

زاہدان کے پراسیکیوٹر محمد مارزیہ نے پیر کے روز ایک ایرانی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ شہر کی جامع مسجد کے باہر ہونے والےحملوں کے تعلق کے سلسلے میں سات مشتبہ افراد اور دو مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ حملہ آور حضرت امام حسین کے حالا ت زندگی پر منعقدہ محفل میں شریک ہونے والوں کو ہدف بنانا چاہتے تھے۔

سنی مسلم گروپ جند اللہ نے 15 جولائی کے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ حملے پچھلے مہینے اپنے لیڈر عبدالمالک ریگی کو پھانسی دیے جانے کے جواب میں کیے تھے۔

پچھلے ہفتے پولیس نے ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی فارس کو بتایا تھا کہ حکام نے ایسے 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا تھا جو بم دھماکوں کے بعد بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

کچھ ایرانی عہدے دار زاہدان کے حملوں کا تعلق امریکہ سے جوڑتے ہیں اور تہران کے کئی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ جند اللہ کی حکومت مخالف مہم کو امریکی حمایت حاصل ہے۔ جب کہ کچھ ایرانی عہدے دار ان حملوں میں برطانیہ، اسرائیل اور پاکستان کے کردار کا الزام بھی لگاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG