رسائی کے لنکس

ایران: جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کا اعلان


اتوار کے روز ایران نے اعلان کیا کہ وہ اس مہینے کے آخر میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے حوالے سے ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔

ایران کے جوہری پروگرام کے سربراہ سعید جلیلی نے کہاہے کہ چین ان مذاکرات میں، جن کامقصد جوہری توانائی کا پرامن استعمال ہے، شرکت کرے گا۔

پروگرام کے مطابق یہ دو روزہ کانفرنس، واشنگٹن میں نیوکلیئر سکیورٹی پر ہونے والی بین الاقوامی سربراہ کانفرنس کے اختتام کے چار روز بعد 17 اپریل کو شروع ہوگی۔

توقع ہے کہ چینی صدر ہو جن تاؤ امریکہ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

چین ، ایران کے خلاف اس کے جوہری پروگرام پر شکوک و شہبات کے حوالے سے نئی پابندیوں کے نفاذ کی مخالفت کرچکا ہے۔

امریکہ اور اس کے اتحادی ایران پر یہ الزام لگاتے ہیں کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کے لیے اپنی یورینیم کو افزودہ کررہاہے۔ ایران اس سے انکار کرتا ہے۔

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے ہفتے کے روز اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں کہا ہے کہ وہ اپنے ملک کے جوہری پروگرام کے حوالے سے امریکی سفارتی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔ مسٹر احمدی نژاد نے کہا کہ مزید پابندیوں سےتہران کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔

ہفتے ہی کے روز ایرانی جوہری توانائی کے سربراہ علی اکبر صالح نے کہا کہ ان کے ادارے نے اگست میں دونئی جوہری تنصیبات کی تعمیر شروع کرنے کے حوالے سے اپنے پروگرام بھیج دیے ہیں۔

امریکہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ارکان سے ایران کے خلاف اس کی جوہری سرگرمیوں کی بنا پر پابندیوں کے چوتھے مرحلے کی منظوری دینے کی اپیل کررہاہے۔

XS
SM
MD
LG