مغربی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ ایران ایٹمی توانائى کی بین الاقوامی ایجنسی کو ایران میں یورینیم کو افزودہ کرنے کے مقامات کی مزید نگرانی کی اجازت دینے پر رضامند ہوگیا ہے۔
عہدے داروں نے اُن کے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ جمعے کے روز خبر رساں ایجنسیوں کو یہ بات بتائى ہے۔
ایران نے فوری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی۔
جمعرات کے روز امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ اقوامِ متحدہ ایران کے جوہری پروگرام کی بنا پر اگلے مہینے کے شروع میں اُس ملک کے خلاف پابندیوں کی نئى قِسط عائد کردے گی۔
امریکہ اور اُس کے اتحادیوں کا خیال ہے کہ ایران خفیہ طور پر جوہری اسلحہ تیار کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ لیکن ایران کا اصرار ہے کہ اُس کا جوہری پروگرام صرف پُر امن غیر فوجی مقاصد کے لیے ہے۔