رسائی کے لنکس

ایران کا جوہری میدان میں پیش رفت کا اعلان


ایران کا جوہری میدان میں پیش رفت کا اعلان
ایران کا جوہری میدان میں پیش رفت کا اعلان

ایران نے یورینیم کی افزودگی کا عمل تیز کرنے کے لیے نئی قسم کے سینٹری فیوجز کی تنصیب اور پہلی بار ملکی سطح پر فیول راڈز کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی 'فارس' نے بدھ کو خبر دی ہے کہ نئے کاربن فائبر سینٹری فیوجزایران کے وسطی صحرائی شہر ننتاز میں واقع یورینیم کی افزودگی کے مرکز میں نصب کیے گئے ہیں جہاں انہوں نے پیداوار شروع کردی ہے۔

دریں اثنا ایران کے سرکاری ٹی وی نے بدھ کو صدر احمدی نژاد کا تہران کے ایک پرانے ایٹمی ری ایکٹر کا دورہ براہِ راست نشر کیا۔ دورے کے دوران میں ایرانی صدر نے ری ایکٹر میں 20 فی صد افزودہ یورینیم کی فیول راڈز کی تنصیب کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

تہران میں واقع اس 43 سال پرانے ایٹمی ری ایکٹر سے سرطان کے مریضوں کے علاج کے لیے جوہری آئسوٹوپ حاصل کیے جاتے ہیں اور امکان ہے کہ اس ری ایکٹر کو چالو رکھنے کے لیے درکار درآمد شدہ ایندھن کا ذخیرہ جلد ختم ہوجائے گا۔

ایران کے ذرائع ابلاغ نے یہ خبر بھی دی ہے کہ ایرانی صدر جلد مقدس شہر قم کے نزدیک پہاڑی علاقے میں تعمیر کردہ 'فوردو' نامی زیرِ زمین جوہری مرکز کے "مکمل طور پر فعال" ہونے کا اعلان کرنے والےہیں۔

ایران نے جوہری میدان میں اپنی ان کامیابیوں کو جوہری ایندھن کی تیاری کے مکمل عمل کی صلاحیت حاصل کرنے کی اپنی کوششوں کا حصہ قرار دیا ہے۔

ایران کو یہ صلاحیت حاصل کرنے سے روکنے کے لیے مغربی ممالک اور اقوامِ متحدہ نے اس پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں کیوں کہ کئی ممالک کا خیال ہے کہ ایران کی جوہری سرگرمیوں کا مقصد ایٹمی ہتھیار تیار کرنا ہے۔ تہران حکومت ان الزامات کی تردید کرتی آئی ہے۔

اسرائیل اور امریکہ کہتے آئے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے تمام آپشن کھلے ہیں۔

XS
SM
MD
LG