رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ جوہری معاہدہ ختم نہیں کرا سکتے، ایران


ایرانی صدر حسن روحانی
ایرانی صدر حسن روحانی

ایران نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چھ عالمی طاقتوں کے ساتھ ان کے جوہری معاہدے کو ختم نہیں کروا سکتے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے یہ دعویٰ سرکاری ٹیلی وژن پر اپنے ایک براہ راست خطاب کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جوہری معاہدہ ختم نہیں ہوگا۔ جن لوگوں کو یہ توقع ہے کہ صدر ٹرمپ اسے ختم کروا دیں گے، وہ غلطی پر ہیں۔

اکتوبر میں صدر ٹرمپ نے یہ تصدیق کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ ایران اس جوہری معاہدے پر پوری طرح عمل کر رہا ہے جو 2015 میں تہران اور امریکہ سمیت چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پایا تھا۔

ان کے اس فیصلے کے بعد امریکی کانگریس کے پاس یہ تعین کرنے کے لیے 60 دن کی مدت ہے کہ آیا ایران کے خلاف پابندیاں دوبارہ لگا دی جائیں۔

کانگریس نے پچھلے ہفتے دوبارہ پابندیاں لگانے کے معاملے پر گیند ٹرمپ کے کورٹ میں واپس پھینک دی ۔ اب ٹرمپ کو لازماً جنوری کے نصف تک یہ طے کرنا ہوگا کہ آیا دہ ایران کے خلاف عائد پابندیوں کی نرمی جاری رکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

معاہدے کے تحت ، جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے بدلے میں اس سے منسلک پابندیوں میں پچھلے سال نرمی کی گئی تھی۔

ایران کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک اپنے معاہدے کی پاسداری کرتا رہے گا جب تک دستخط کرنے والے دوسرے ممالک اس کا احترام کرتے ہیں ، لیکن اگر واشنگٹن معاہدے سے باہر نکلا تو پھر وہ بھی اس سے دست بردار ہو جائے گا۔

XS
SM
MD
LG