رسائی کے لنکس

ایران: تیل اور گیس کی تلاش کا 21 ارب ڈالر کامعاہدہ


ایران کےسرکاری میڈیا نے کہاہے کہ چار ایرانی تیل کمپنیوں نے جنوبی فارس میں تیل اور قدرتی گیس کی تلاش کے لیے 21 ارب ڈالر کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ فارس میں دنیا کے سب سے بڑے تیل اورگیس کے ذخائر موجود ہیں۔

صدر محمود احمدی نژاد نے منگل کے روز کہا کہ معاہدے پر دستخطوں سے ایرانی آئل انڈسٹری میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

مسٹر احمدی نژاد نے کہا کہ قدرتی گیس کی تلاش کے لیے فنڈز ایرانی سرمائے سے فراہم کیے جائیں گے۔

ایران تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپی ای سی میں خام تیل پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اوراس کے پاس قدرتی گیس کے بھی بہت بڑے ذخائر موجود ہیں۔

پٹرولیم کے ایرانی وزیر مسعود میر کاظمی کہہ چکے ہیں کہ ایران کو اپنے توانائی کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے تقریباً دو کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔لیکن ان کا کہنا ہے کہ یہ ہدف حاصل کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تہران کے جوہری پروگرام پربین الاقوامی پابندیوں کے باعث مغربی کمپنیاں ایران کے تیل اور گیس کے منصوبوں کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG