رسائی کے لنکس

جنداللہ کے رہنما کو پھانسی دے دی گئی


جنداللہ کے رہنما کو پھانسی دے دی گئی
جنداللہ کے رہنما کو پھانسی دے دی گئی

ایران کے سرکاری ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ کالعدم سنی باغی تنظیم جندالله کے سربراہ عبدالمالک ریگی ایرانی سرزمین پر دہشت گرد حملے اور درجنوں افراد کو ہلاک کرنے کے جرم میں اتوار کو پھانسی دے دی گئی۔

عبدالمالک ریگی (فائل فوٹو)
عبدالمالک ریگی (فائل فوٹو)

ریگی کو تہران میں واقع عیون جیل میں پھانسی دی گئی اور اس موقع پر جندالله کی پر تشدد کارروائیوں کا نشانہ بننے والے کچھ افراد کے لواحقین بھی موجود تھے۔

ایران مخالف اس سنی انتہا پسند تنظیم نے گذشتہ سال اکتوبر میں کیے گئے اْس طاقتور خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں پاسداران انقلاب کے اعلیٰ کمانڈروں سمیت 40 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ایرانی سکیورٹی فورسز نے عبدالمالک ریگی کو فروری میں ایک مسافر طیارے کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاست کرغزستان جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا لیکن یہ واضح نہیں کہ اسے کہاں حراست میں لیا گیا۔

تہران کی ایک عدالت نے عبدالمالک ریگی کو سزائے موت سنائی تھی اور اس فیصلے کے خلاف اپیل کوسپریم کورٹ نے مسترد کرتے ہوئے پھانسی کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔

جندالله کا دعویٰ ہے کہ یہ تنظیم ایران میں اقلیتی سنی برادری کے حقوق کے لیے لڑرہی ہےاوراس کے حملوں کے اہداف زیادہ تر ایران کے جنوب مشرقی علاقے خصوصاً صوبہ سیستان۔بلوچستان رہے ہیں جس کی سرحدیں پاکستان اور افغانستان سے ملتی ہیں۔

واضح رہے کہ عبدالمالک ریگی کے ایک بھائی عبدالحامد ریگی کوبھی تقریباً ایک ماہ قبل ایران کے جنوب مشرقی شہر زاہدان میں پھانسی دی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG