رسائی کے لنکس

ایران : ایرانی نژاد امریکی اور اس کے والد کو دس سال قید


سیامک نمازی(فائل فوٹو)
سیامک نمازی(فائل فوٹو)

ایران کی ایک عدالت نے ایک ایرانی نژاد امریکی شہری اور اس کے 80 سالہ والد ، دونوں کی 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے میزان کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیامک نمازی اور ان کے والد باقر ، دونوں کے پاس امریکہ اور ایران کی دوہری شہریت ہے اور ان پر الزام ہے کہ وہ دشمن ملک امریکہ کی حکومت کے لیے کام کررہے تھے۔

رپورٹ میں اس سلسلے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔

چونکہ ایران دوہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتا اس لیے سزا پانے والے ان دونوں باپ بیٹے کو معاونت کے لیے امریکی قونصلر تک رسائی نہیں مل سکے گی۔

سیامک نمازی کو پچھلے سال اکتوبر میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اس وقت گرفتار کر لیا تھا جب وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایران کے دورے پر آئے تھے۔

ان کے والد باقر کو ، جو ماضی میں یونیسیف کے نمائندے کے طور پر کام کرچکے ہیں اور سابق شاہ ایران جنہیں امریکہ کی سرپرستی حاصل تھی کے دور حکومت میں صوبہ خوزستان کے گورنر بھی رہ چکے ہیں، اس سال فروری میں حراست میں لے لیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ان سزاؤں پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیامک کی گرفتاری بلاجواز تھی۔

XS
SM
MD
LG