رسائی کے لنکس

ایران پر یورپی یونین کی پابندیوں کی تیاری


ایرانی مال برداری نئی پابندیوں کانشانہ
ایرانی مال برداری نئی پابندیوں کانشانہ

یورپی یونین کے وزائے خارجہ ایران کے خلاف سخت پابندیاں لگانے کی تیاری کررہے ہیں جن میں تیل اور گیس کی صنعت میں سرمایہ کاری پر پابندی بھی شامل ہے۔

منگل کے روز جاری ہونے والے ایک ڈرافٹ کے مطابق یورپی یونین کے وزارئے خارجہ ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک مزید پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دیں گے اور تہران سے مذاکراتی عمل میں دوبارہ شرکت کے لیے کہیں گے۔ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اگلے پیر کو برسلز میں ہورہاہے۔

تجارت، بینکاری، انشورنس اور بحری اور فضائی ذریعے سے مال برداری بھی یورپی یونین کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کانشانہ بنے گی۔

منگل کے روز تہران میں ، ایرانی پارلیمنٹ نے ایرانی بحری جہازوں اور طیاروں پر سامان کا معائنہ کرنے والے ملکوں کے خلاف اقدامات کی منظوری دی۔

اقوام متحدہ کی نئی پابندیوں کا مقصدتہران کے جوہری پروگرام کو روکنے کی غرض سے ایران جانے اور وہاں سے آنے والے سامان کی جانچ پڑتال کرنا ہے تاکہ اس میں کوئی ایسا موادشامل نہ ہوجس سےاس کے جوہری پروگرام کوآگے بڑھانے میں مدد مل سکے۔

ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کیے جانے والے بل میں ایرانی حکومت کو اقوام متحدہ کی عائد کردہ پابندیوں پرعمل کرنے والے ممالک کے مال بردار جہازوں کی تلاشی لینے کی اجازت دی گئی ہے۔

مغربی ممالک ایران پریہ الزام لگاتے ہیں کہ وہ پرامن جوہری توانائی کی آڑ میں جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کررہاہے۔ ایرانی حکام اس الزام کی کئی بار تردید کرچکے ہیں۔



XS
SM
MD
LG