رسائی کے لنکس

ایران: امریکی ہائیکرز کے خلاف مقدمے کی سماعت تاخیر کا شکار


ایران: امریکی ہائیکرز کے خلاف مقدمے کی سماعت تاخیر کا شکار
ایران: امریکی ہائیکرز کے خلاف مقدمے کی سماعت تاخیر کا شکار

ایران نے ان تین امریکی ہائیکرز کے مقدمے کی دوبارہ سماعت مؤخر کردی ہے جن پر جاسوسی کے الزامات ہیں۔

ہائیکرز کے ایرانی وکیل مسعود شافعی نے کہاہے کہ بدھ کے روز طے شدہ تاریخ کے مطابق مقدمے کی دوبارہ سماعت شروع نہیں ہوسکی کیونکہ حکام نے دو ہائیکرز کو جیل سے عدالت میں پیش ہونے کے لیے نہیں بھجوایا۔

شافعی کا کہناتھا کہ حکام نے انہیں اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ شین باؤر اور جاش فیٹل کو عدالت کیوں نہیں بھیجا گیا۔ وکیل کا یہ بھی کہنا کہ انہیں مقدمے کی اگلی پیشی کے متعلق بھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

حکام نے باؤر، فیٹل اور سارہ شورڈ کو غیر قانونی طورپر عراق سے سرحد عبور کرکے ایران داخل ہونے پر گرفتار کر لیاتھا۔ بعدازاں ایران نے سارہ کو گذشتہ سال ستمبر میں ضمانت پر رہا کر امریکہ واپس جانے کی اجازت دے دی تھی۔ عدالت میں اپنی عدم موجودگی میں داخل کرائے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ بے قصور ہیں۔ باؤر اور فیٹل نے بھی بے قصور ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

دونوں امریکی ہائیکرز کے خاندانوں نے بدھ کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے باؤر اور فیٹل کے ساتھ ایرانی سلوک پر خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کا کہناہے کہ ہائیکرز پر عائد کیے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں اور یہ کہ ایرانی حکام ان کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

منگل کے روز انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ہائیکرز کی رہائی کا ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG