رسائی کے لنکس

ایران کا جوہری ہتھیاربنانا نئی سرد جنگ کا پیش خیمہ: برطانیہ


ایران کا جوہری ہتھیاربنانا نئی سرد جنگ کا پیش خیمہ: برطانیہ
ایران کا جوہری ہتھیاربنانا نئی سرد جنگ کا پیش خیمہ: برطانیہ

ایک اخباری انٹرویو میں ولیم ہیگ نے کہا ہےکہ ایران کے جوہری عزائم خطے کے دیگر ممالک کو بھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل کر سکتے ہیں

برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیار بنانے میں ایران کی کامیابی مشرقِ وسطیٰ میں ایک نئی سرد جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔

برطانوی اخبار’ ٹیلی گراف ‘کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ولیم ہیگ نے کہا کہ ایران کے جوہری عزائم خطے کے دیگر ممالک کو بھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل کر سکتے ہیں۔

برطانیہ کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام پر تحفظات کا اظہار ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر متوجہ حملوں کی خبروں اور گذشتہ دِنوں بھارت، تھائی لینڈ اور جارجیا میں اسرائیلی سفارت کاروں پر ہونے والے حملوں کے بعد سے ایران اور اسرائیل کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

ایران پر ممکنہ عسکری حملے کےبارے میں بھی ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے اسرائیل کوممکنہ حملے کے منفی اثرات سے آگاہ کیا ہے، کیونکہ برطانیہ ایران پر عسکری حملے کے حق میں نہیں ہے اور اُن کے خیال میں مغربی ممالک کو ایران پر اقتصادی پابندیوں اور دباؤ کا موجودہ لائحہ عمل اور مذاکرات ساتھ ساتھ جاری رکھنے چاہئیں۔

امریکہ اور برطانیہ سمیت یورپی ممالک ایران پر جوہری پروگرام کے سلسلے میں مذاکرات اور یورینئیم کی افزودگی روکنے کے لیے عرصے سے سخت اقتصادی پابندیوں کے ذریعے دباؤ ڈالتے رہے ہیں۔ لیکن، تہران کا کہنا ہے کہ اُن کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے اور اُنہیں ایسا کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

ایران اور مغربی ممالک کے درمیان ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے مذاکرات گذشتہ سال سےتعطل کا شکار ہیں۔لیکن، امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے جمعے کے روز اِس امید کا اظہار کیا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کیےجاسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG