رسائی کے لنکس

عراق میں قیدیوں کے حقوق کی پامالی پر رپورٹ جاری


انسانی حقوق کی علم بردار ایک بین الاقوامی تنظیم نے کہا ہے کہ عراق میں ہزاروں افراد کو بغیر مقدمہ چلائے جیل میں رکھا جا رہا ہے، جہاں ان پر تشدد بھی کیا جاتا ہے ۔

لندن میں قائم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پیر کو جاری کی گئی اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایسے قیدیوں کی تعداد تقریباً تیس ہزار ہے اور متعدد افرادحراست کے دوران ہلاک ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عراقی سکیورٹی فورسز ”مربوط انداز میں قیدیوں کے حقوق پامال “ کر رہی ہیں، جب کہ تشدد کے طریقوں میں پائپ اور تاروں سے ضرب لگانا، بازو کی ہڈی توڑنا، جسم پر ڈِرل کے ذریعے زخم دینا، اور جنسی طور پر ہراساں کرنے کی دھمکی کی شکل میں نفسیاتی تشدد شامل ہیں۔

عراقی حکام نے جولائی کے ماہ میں جیلوں کی مکمل ذمہ داری سنبھالی ہے ، تاہم امریکہ صرف چند انتہائی اہم قیدیوں کی دیکھ بھال کا ذمہ دار ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ عراق کے شمالی حصے میں کرد حکام کا ریکارڈ ملک کی مرکزی حکومت سے بہتر ہے لیکن وہ بھی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG