رسائی کے لنکس

بغداد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی


عراق میں انتخابات سے متعلق ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ سات اپریل کے الیکشن میں بغداد میں ڈالے ہوئے ووٹوں کی دستی گنتی چند روز میں شروع ہوجائے گی۔

کمشنرحمدیہ الحسینی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے عہدے داروں کو دوبارہ گنتی کیا تیاری کے لیے دو ایک روز درکار ہوں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ گنتی کم سے کم 10 دن میں مکمل ہوگی۔

عراق میں ایک عدالت نے پیر کے روز وزیرِ اعظم نوری المالکی کی ایک اپیل کے بعد حکم دیا تھا کہ پچھلے مہینے پارلیمانی انتخابات کے دوران بغداد میں ڈالے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ دستی گنتی کی جائے۔

مسٹر علاوی کے اتحاد کا کہنا ہے کے اُسے بغداد سمیت پانچ صوبوں میں وسیع پیمانے پر فراڈ کی ایسی شہادت مل گئى ہے جس سے الیکشن کے نتائج پر نمایاں پڑ سکتا تھا۔

اس سے پہلے انتخابات کے جن سرکاری نتائج کا اعلان کیا گیا تھا، اُن کے مطابق مسٹر مالکی کا اتحاد صرف دو نشستوں کے فرق سے سابق وزیرِ اعظم ایاد علاوی کے سیکیولراتحاد کے بعد دوسرےنمبر پر ہے۔

منگل کے روز مسٹر علاوی نے کہا تھا کہ وہ بغداد میں ڈالے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ ہاتھوں سے گنتی کی حمایت کرتے ہیں۔لیکن انہوں نے کہا ہے کہ اُن دوسرے علاقوں میں بھی دوبارہ گنتی ہونی چاہئیے، جہاں الیکشن کے دوران مسائل پیدا ہوئےتھے۔ انہوں نے خاص طور پر بصرہ اور نجف کا ذکر کیا۔

سابق وزیرِ اعظم علاوی کا سیکیولر اتحاد عراقیہ مسٹر مالکی کے اتحاد سے دو نشستیں زیادہ لےکر 91 نشستوں پر کامیاب ہوا ہے۔دونوں گروپ مخلوط حکومت بنانے کی خاطر پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے کے لیے دوسری پارٹیوں کی حمایت کے حصول میں کوشاں ہیں۔

XS
SM
MD
LG