رسائی کے لنکس

امریکی نائب صدر عراق کے دورے پر


امریکی نائب صدر جو بائیڈن امریکی فوجیوں سے ملنے اور عراقی عہدے داروں سے ملاقات کے لیے ہفتے کے روز غیر اعلانیہ دورے پرعراق پہنچے۔

وہائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بائیڈن چار جولائی کو امریکہ کا یومِ آزادی عراق میں امریکی فوجیوں کے ہمراہ منائیں گے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ عراق کے ساتھ امریکہ کی طویل المدتی وابستگی کے عزم کا اعادہ کریں گے، اور عراقی عہدے داروں کے ساتھ ملک کے حالیہ معاملات پر بات چیت کریں گے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ وہ عراقی وزیرِ اعظم نوری المالکی اور صدر جلال طالبانی سمیت عراقی سیاستدانوں سے ملاقات کریں گے۔

توقع ہے کہ سیاسی رہنما عراقی انتخابات میں تعطل کے بارے میں بات کریں گے۔

مارچ کے پارلیمانی انتخابات میں کوئی ایک جماعت واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی، اور ملک شدت پسندی کی لپیٹ میں ہے۔

عہدے داروں کو خدشہ ہے کہ سیاسی تعطل کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے باغی عناصر سکیورٹی کے منصوبوں میں خلل ڈال سکتے ہیں۔ تشدد کی اِن کاروائیوں کے باعث عراق سے امریکی افواج کے انخلا کے نظام الاوقات پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے احکامات جاری کیے ہیں کہ 50000افواج ملک میں رہیں گی جب کہ باقی تمام لڑاکا فورسز کا ستمبر تک انخلا ہوگا۔ ایک سکیورٹی سمجھوتے کے تحت 2011ء کے اواخر تک تمام امریکی فوجیں لازمی طور پر واپس آجائیں گی۔

XS
SM
MD
LG