رسائی کے لنکس

عراق: پرتشدد حملوں میں سات افراد ہلاک


عراق میں حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز بغداد میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے اور صوبہ بابل میں فائرنگ کے واقعات میں سات افراد ہلاک اور کم از کم 11 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ایک بم بغداد کے مرکزی حصے کی طرف جانے والی ایک چھوٹی بس کے قریب پھٹا جس سے اس میں سوار ایک پولیس افسر اور دو دیگر افراد ہلاک ہو گئے۔ دریں اثنا دارالحکومت کے شمالی حصے میں یکے بعد دیگرے تین بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ۔

بغداد کے جنوب میں واقع صوبہ بابل میں کار میں سوار شدت پسندوں نے تین سنی شہریوں کو اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کردیا جب وہ فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔

گذشتہ چند ماہ سے شدت پسند تواتر کے ساتھ سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے آ رہے ہیں اور یہ سب ایسے وقت ہو رہا ہے جب عراق سے امریکی فوجیوں کا انخلا جاری ہے۔

وائٹ ہاؤس نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ امریکہ رواں ماہ کے آخر تک عراق میں اپنی فوجی کارروائیوں کا اختتام کر دے گا۔ البتہ عراقی سکیورٹی فورسز کے مکمل طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے تک امریکہ کے 50 ہزار فوجی یہاں موجود رہیں گے۔ امریکی صدر براک اوباما کے اعلان کردہ منصوبہ کے مطابق امریکی افواج کا عراق سے مکمل انخلا آئندہ برس کے اواخر تک متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG