رسائی کے لنکس

عراق: کار بم کے حملے میں سات افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عراقی پولیس نے کہا ہے فلوجہ شہر کی ایک مصروف سڑک پر کار بم کے ایک دھماکے میں کم سے کم سات افراد ہلاک اور دو درجن لوگ زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا پیر کی صبح سویرے جانچ پڑتال کی ایک فوجی چوکی کے قریب ہوا، جہا ں یومیہ مزدوری پر کام کرنے والے کام کی تلاش میں جمع ہورہے تھے۔

فلوجہ صوبہ انبار میں واقع ہے ۔ اس صوبے میں اُس وقت کے بعد سے تشدّد کے واقعات نسبتاً کم ہوگئے ہیں جب علاقے کے عسکریت لیڈر 2006 میں القاعدہ کے خلاف ہوگئے تھے اور انہوں نے باغیوں کے خلاف جنگ میں امریکی اور عراقی فوج کی مدد کرنا شروع کردی تھی ۔

کار بم کا حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب عراق میں سات اپریل کے پارلیمانی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

پیر کے روز الیکشن کمیشن کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ کم سے کم 60 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے اور نتائج سے پتا چلتا ہے کہ وزیرِ اعظم نوری المالکی کا اتحاد اپنی سبقت کو بدستور برقرار رکھے ہوئے ہے۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ جزوی نتائج کے مطابق، وزیرِ اعظم مالکی کے اتحاد نے اپنے قریب ترین حریف ، سابق وزیرِ اعظم ایاض علاوی کے زیرِ قیادت سیکیولر پارٹیوں کے اتحاد سے اب تک کم سے کم 65 ہزار زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ عراقی قومی اتحاد اور سیاسی پارٹیوں کے دوسرے اتحاد ان دونوں سے پیچھے ہیں۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اُنہیں اُمید ہے کہ وہ اس ماہ کے آخر تک تمام کے تمام 18 کے صوبوں کےمکمل انتخابی نتائج کا اعلان کردیں گے۔

توقع نہیں کہ کوئى بھی واحد پارٹی یا اتحاد الیکشن میں قطعی اکثریت حاصل کرپائے گا۔ اور کسی نئى حکومت کے لیے کوئى اتحاد تشکیل دینے میں کئى مہینے لگ سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے فراڈ اور پولنگ میں بے قاعدگیوں کی اطلاعات کو زیادہ اہمیت نہیں دی۔

XS
SM
MD
LG