رسائی کے لنکس

عراق: حتمی انتخابی نتائج جمعےکومتوقع


عراق کے الیکشن کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے جِن حتمی نتائج کا جمعے کے روز اعلان کیا جارہا ہے اُس سے غالباً یہ پتا چلے گا کہ وزیرِ اعظم نوری المالکی کے اتحاد اور اُن کے حریف نے حقیقت میں مساوی ووٹ حاصل کیے ہیں۔

خود مختار الیکشن کمیشن کے سربراہ فرَج الحیدری نے جمعرات کے روز نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ مسٹر مالکی کے اتحاد دولت القانون اور سابق وزیرِ اعظم ایاض علاوی کے سیکیولر اتحاد عراقیہ میں سے کسی ایک کو پارلیمنٹ میں صرف ایک یا دو نشستوں سے برتری حاصل ہوگی۔

اِس کانٹے کے مقابلے کا مطلب یہ ہے کہ کسی نئى حکومت کی تشکیل کے لیے مہینوں تک مذاکرات ہوتے رہیں گے۔

سات مارچ کو ڈالے ہوئے 95 فیصد ووٹوں کی گنتی کے مکمل ہونے پر وزیرِ اعظم مالکی کا اتحاد بہت تھوڑے ووٹوں کے فرق کے ساتھ مسٹر علاوی کے سیکیولر اتحاد سے آگے تھا۔

جمعرات کے روز عراقی وزیرِ داخلہ جواد البولانی نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک صدر، الیکشن کمیشن اور سیاسی پارٹیوں کے درمیان اِس بارے میں کوئى سمجھوتا نہیں ہو جاتا کہ الیکشن میں مبیّنہ بے قاعدگیوں کی چھان بین کس طرح کرائى جائے، حتمی انتخابی نتائج کے اعلان کو ملتوی کردیا جائے۔

XS
SM
MD
LG