رسائی کے لنکس

عراق میں فورسز اور داعش کے درمیان لڑائی جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انبار کی صوبائی کونسل کے ایک رکن کے حوالے سے بتایا کہ رطبہ کے دو مضافاتی علاقوں میں اب بھی لڑائی جاری ہے۔

عراق کی فورسز امریکہ کی زیر قیادت اتحاد کی فضائی کارروائیوں کی معاونت سے موصل کو داعش سے آزاد کروانے کی لڑائی تو جاری ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ ایک اور مغربی علاقے رطبہ میں منگل کو تیسرے روز بھی لڑائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

حکام کے مطابق داعش کے جنگجو موصل میں خود پر دباؤ کو محسوس کرتے ہوئے دیگر علاقوں میں اپنی کارروائیوں کو تیز کر رہے ہیں جس کا بظاہر مقصد عراقی اور اتحادیوں کی توجہ اور وسائل کو منقسم کرنا ہے۔

موصل سے سیکڑوں کلومیٹر جنوب میں واقعہ صوبہ انبار کے علاقے رطبہ میں شدت پسندوں کے ساتھ فورسز کی لڑائی جاری ہے۔

امریکی اتحاد کے ایک ترجمان کرنل جان ڈوریان کا کہنا ہے کہ "اتحاد نے عراقی فورسز کی مدد کے لیے فضائی کارروائی جاری رکھی ہوئی ہیں اور ان میں علاقے سے نکلنے والے داعش کے ایک قافلے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔"

عراقی فوج کے ایک ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ رسول کا کہنا ہے کہ علاقے میں اب داعش موجود نہیں اور صورتحال پوری طرح سے قابو میں ہے۔

لیکن امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" نے انبار کی صوبائی کونسل کے ایک رکن کے حوالے سے بتایا کہ رطبہ کے دو مضافاتی علاقوں میں اب بھی لڑائی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ داعش نے وہاں چند شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو ہلاک بھی کیا ہے لیکن ان کی تعداد کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

داعش نے رطبہ میں اتوار کو حملہ کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے بھی شدت پسندوں نے ایک شمالی شہر کرکوک پر دھاوا بولا تھا اور تقریباً دو روز تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد انھیں پسپائی اختیار کرنا پڑی تھی۔

اس لڑائی میں کم ازکم 80 افراد مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG