رسائی کے لنکس

موصل سے مزید دو لاکھ افراد نقل مکانی کر سکتے ہیں: اقوام متحدہ


اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ عراق کے شہر موصل سے مزید دو لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر سکتے ہیں۔

موصل میں داعش کے زیر قبضے آخری ضلع کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے عراقی فورسز کی پیش قدمی جاری ہے۔

گزشتہ ماہ جب سے عراقی سکیورٹی فورسز نے موصل میں ایک نئے محاز پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کی، اُس وقت سے عراقی انتظامیہ اور امدادی تنظیمیں نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں اضافے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کوشش کر رہی ہیں۔

امریکہ کی زیر قیادت اتحاد کی مدد سے عراقی فورسز موصل شہر کے بیشتر حصے سے داعش کا صفایا کر چکی ہیں اور اب صرف 12 مربع کلومیٹر کا علاقہ رہ گیا ہے جو داعش کے قبضے میں ہے۔

موصل سے نقل مکانی کرتے ہوئے خاندان
موصل سے نقل مکانی کرتے ہوئے خاندان

مئی کے اواخر میں شروع ہونے والے اسلامی مہینے رمضان کے آغاز سے قبل عراقی فورسز آپریشن مکمل کرنا چاہتی ہیں۔

عراق میں اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار لیسی گرینڈی نے کہا کہ جیسے جیسے آپریشن میں تیزی آ رہی ہے اور عراقی فورسز موصل کے پرانے شہر کے قریب پہنچ رہی ہیں تو ’’متوقع طور پر مزید 200,000 لاکھ افراد تک وہاں نقل مکانی کر سکتے ہیں۔‘‘

سات ماہ قبل جب موصل میں داعش کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کیا گیا، اُس وقت سے اب تک 700,000 افراد اس شہر سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG