عراق میں ایک سرکردہ سیکولر اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ وہ سات مارچ کے عام انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کو عارضی طور پر معطل کر رہا ہے۔ اس سے پہلے اس اتحاد کے متعدد امیدواروں کو عراق کے سابق ڈکٹیٹر کی بعث پارٹی کے ساتھ تعلقات کے الزام میں نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔
عراقیہ اتحاد کے سابق وزیرِ اعظم عیاد علوی نے ہفتے کے روز کہا کہ اس پابندی سے سیاسی عمل کی فضا مکدر ہو گئی ہے۔
دو اہم سنی ارکانِ پارلیمان صالح المطلق اور ظفر العانی ان 145 امیدواروں میں شامل ہیں جن پر عدالت نے سات مارچ کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ العانی کا کہنا ہے کہ عدالت کے اس فیصلے سے ملک میں امن و امان کی صورتِ مزید خراب ہو سکتی ہے۔
انتخابی مہم کا آغاز جمعے کے دن سے ہوا تھا۔
دوسری طرف آج دیر گئے عراق کے طبی حکام نے بتایا کہ بغداد کے جنوب میں شیعوں کے مقدس شہر نجف میں متعدد بم دھماکوں میں چھ افراد ہلاک اور کم از کم 35 زخمی ہو گئے ہیں۔