رسائی کے لنکس

کیمپ اشرف سے ایرانیوں کی منتقلی پر معاہدہ


کیمپ اشرف سے ایرانیوں کی منتقلی پر معاہدہ
کیمپ اشرف سے ایرانیوں کی منتقلی پر معاہدہ

اقوام متحدہ اور عراقی حکومت نے ایران سے انحراف کرنے والے 3,400 باشندوں سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

عراق کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کے مشن کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ معاہدے کے تحت شمال مشرقی عراق میں قائم کیمپ اشرف میں مقیم ایرانی باشندوں کو پناہ گرینوں کا درجہ دینے سے متعلق فیصلے تک اُنھیں عارضی طور پر کسی دوسرے مقام پر منتقل کر دیا جائے گا۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ ایرانی باشندوں کو بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب امریکی فوج کے سابقہ اڈے ’کیمپ لیبرٹی‘ میں منتقل کیا جائے گا۔ اُنھوں نے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’’اس معاملے پر نمایاں پیش رفت‘‘ کی نشانہ دہی کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کا ادارہ برائے پناہ گزین منتقلی کے عمل کی نگرانی کرے گا اور ایرانی باشندوں کی کسی تیسرے ملک میں آباد کاری سے متعلق درخواستوں کا جائزہ بھی لے گا۔

عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے گزشتہ ہفتے کیمپ اشرف کو رواں سال کے اختتام تک بند کرنے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی تھی۔

عراقی فوج کا کہنا ہے کہ بغداد سے تقریباً 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع کیمپ اشرف پر اتوار کو دو مارٹر گولے داغے گئے تھے تاہم ان کی وجہ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

XS
SM
MD
LG