رسائی کے لنکس

عراق: مظاہرین اور پولیس میں تصادم،13 افراد زخمی


عراقی پولیس کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ جنوبی عراق میں برہم مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں کم ازکم 13 افراد زخمی ہوگئے، جہاں گرمی میں اضافے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کے غصےکوبڑھا دیا ہے۔

پولیس نے پیر کے روز ان سینکڑوں مظاہرین پر، جو ان پر پتھراؤ کرتے ہوئے سرکاری عمارتوں کی طرف بڑھنے کی کوشش کررہےتھے، پانی پھینکا۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں عام شہری اور پولیس اہل کارشامل ہیں جنہیں مرہم پٹی کے لیےایک مقامی اسپتال لے جایا گیا۔

مظاہرین حکومت سے بجلی کابحران دور کرنے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ بجلی کی کمی کامسئلہ 2003ء سے چلا آرہاہے۔

شہر میں گذشتہ کئی دنوں کے بعد ہونے والے یہ دوسرے پرتشدد مظاہرے تھے ، جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکاہے۔

اس سے دو روزقبل ایک ایسا ہی پرتشدد مظاہرہ جنوبی شہر بصرہ میں ہوا تھا جس میں پولیس کی فائرنگ سے کم ازکم ایک شخص ہلاک ہوگیاتھا۔

عراق میں ہونے والے مظاہروں میں تشدد کا عنصر پورے ملک میں بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی پر لوگوں کے بڑھتی ہوئی برہمی کا اظہار ہے۔

XS
SM
MD
LG