رسائی کے لنکس

عراق میں القاعدہ کا تیسرا لیڈر بھی ہلاک ہوگیا


عراق میں امریکی اور عراقی فوجوں کی ایک مُشترکہ کارروائى میں القاعدہ کا ایک اور لیڈر ہلاک ہوگیا اور اس طرح یہ پچھلے تین دنوں میں القاعدہ کے تیسرے سینئر لیڈر کی ہلاکت ہے۔

عراقی فوج کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ مشترکہ فوجی دستے نے منگل کے روز شمالی عراق میں احمد العُبعدی کا سُراغ لگانے اور اُسے ہلاک کرنے لیے انٹیلی جینس کی اطلاعات سے فائدہ اُٹھایا۔

انہوں نے کہا ہے کہ العُبیدی نے ، جو ابو صُہیب بھی کہلاتا تھا، نینوا، صلاح الدین اور کرکوک میں متعدد حملوں کے منصوبے بنائے تھے۔

عراقی اور امریکی عہدے داروں نے کہا ہے کہ عراق میں القاعدہ کے دو چوٹی کے لیڈر اتوار کے روز شمال کے شہر تکریت کے قریب ایک اور مشترکہ کارروائی میں مارے گئے تھے۔

منگل کے روز ہی عراقی پولیس نے کہا ہے کہ مسلح لوگوں نےالقاعدہ کے مخالف ایک سنّی گروپ کے ایک رُکن کی بیوی، بیٹی اور تین بیٹوں کو ہلاک کردیا۔وہ آدمی اُس وقت گھر میں نہیں تھا۔ ان افراد کو بغداد کے شمال میں ترمیاہ میں ہلاک کیا گیا۔ تین بیٹوں کے گلے کاٹ دیے گئے تھے۔

امریکی عہدے داروں نے القاغدہ کے دو چوٹی کے لیڈروں کی ہلاکت کو پیر کے روز ایک اہم واقعہ قرار دیاتھا۔

نائب صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ یہ ہلاکتیں عراق میں القاعدہ پر” ممکنہ طور پر ایک تباہ کن ضرب ہیں۔“اور انہوں نے کہا کہ اس چھاپے کی کامیابی سے عراقی سکیورٹی فورسز کی صلاحتیوں میں بہتری کا مظاہرہ ہوتا ہے۔

عراق میں القاعدہ کے لیڈر ابو ایّوب المصری اور القاعدہ کے ایک اور چوٹی کے جنگجو ابو قمر البغدادی، دونوں کو اتوار کے روزاُن کے خفیہ ٹھکانے پر ایک چھاپے کے دوران اُن عراقی فوجیوں نے ہلاک کردیا تھا، جنہیں امریکی فوج کی مدد حاصل تھی۔

XS
SM
MD
LG