رسائی کے لنکس

عراق میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ، پانچ ہلاک


شدت پسندوں نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں منگل کو سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کرکے پانچ اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تین کاروں میں سوار حملہ آور الصبح بغداد کے سنی اکثریت والے علاقے منصور میں قائم چوکی پر پہنچے اور اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد وہاں القاعدہ کی حامی تنظیم اسلامی مملکتِ عراق کا جھنڈا لہرا کر فرار ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش کی تاہم ان کو فوری طور پر کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ عراق میں اس سال ہونے والے انتخابات میں کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ملک کو سیاسی خلا کا سامنا ہے اور شدت پسند اس صورتحال سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

گو کہ گذشتہ برسوں کی نسبت پرتشدد واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے لیکن عسکریت پسند باقاعدگی کے ساتھ عراقی پولیس اور فوج کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ جولائی کے دوران مختلف واقعات بشمول خودکش حملوں میں تقریباً چار سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG