رسائی کے لنکس

عراق: فوجی چوکی پر خودکش حملے میں چھ ہلاک


عراق کے دارالحکومت بغداد میں جمعے کے روز ایک فوجی چوکی پر خودکش کار بم حملہ کیا گیا ہے جس میں تین فوجیوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سنی اکثریت والے مغربی علاقے غزلیہ میں کیے گئے اس حملے میں 20 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے امام موسیٰ الاکاظم کی برسی میں شرکت کے لیے بغداد میں آئے لاکھوں افراد پر خودکش حملوں اور سڑک کنارے بم پھٹنے کے واقعات میں کم از کم 70 زائرین ہلاک ہو گئے تھے۔

عراق میں گذشتہ چند ماہ کے دوران پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور مبصرین کا کہنا ہے کہ اس کی ایک وجہ مارچ میں ہوئے انتخابات میں کسی ایک سیاسی جماعت کی واضح اکثریت حاصل نا کرنے کے سبب نئی حکومت کی تشکیل میں تعطل ہے۔

حکومت سازی کے لیے متعین کردہ آئینی مدت 15 جولائی کو ختم ہو رہی ہے لیکن موجودہ وزیر اعظم نوری المالکی اور ان کے مد مقابل ایاد الاوی کی جماعتوں کے درمیان اختلافات بدستور موجود ہیں۔ ایاد الاوی کی سربراہی میں قائم سیاسی اتحاد انتخابات میں صرف دو سیٹوں کی برتری حاصل کر سکا تھا۔

XS
SM
MD
LG