رسائی کے لنکس

عراقی فورسز کا ایک شہر اور کئی ملحقہ دیہات پر قبضہ بحال


فائل
فائل

عراق کی سرکاری فورسز نے ملک کے ایک شہر اور کئی ملحقہ دیہاتوں کو شدت پسند تنظیم داعش کے قبضے سے واگزار کروا لیا ہے یہ کامیابی انہیں اسی دن حاصل ہوئی جس دن شامی حزب مخالف کے کارکنوں کے مطابق داعش نے شامی قصبے البوکمال پر قبضہ کیا۔

عراق کی فورسز کے ایک کمانڈر عبدالعامر یاراللہ نے کہا کہ رمانہ قصبے اور اس کے نواح میں واقع دس دیہاتوں کو ہفتہ کو داعش سے آزاد کروا لیا گیا۔

کمانڈر نے کہا کہ دریائے فرات کے مغربی کنارے پر واقع رمانہ قصبے پر سرکاری فورسز اور ان کی اتحادی فورسز کی ایک بڑی مشترکہ کارروائی کے بعد عراق میں شدت پسند تنطیم کے آخری ٹھکانے کو واگزر کروا لیا گیا۔

دوسری طرف شامی حزب مخالف کے دو سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ شام کی سرحد کے پار واقع شامی شہر البوکمال پر اطلاعات کے مطابق ہفتہ کو داعش نے قبضہ کر لیا۔

برطانیہ میں قائم شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے گروپ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے کارکن رامی عبدالرحمن نے کہا شام کی سرکاری فورسز اور ان کے اتحاد "اب شہر کی حدو د سے باہر ایک یا دو کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہیں۔"

شامی فوج نے 9 نومبر کو جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے شام میں داعش کے آخری مضبوط گڑھ "البوکمال کو آزاد کروا " لیا ہے۔ تاہم داعش کے جنگجوؤں نے شہر سے نکل جانے کے بعد گزشتہ دو روز کے دوران شہر پر جوابی حملہ کیا۔

یورپ میں مقیم شامی حزب مخالف کے ایک کارکن عمر ابو لیلیٰ نے کہا کہ داعش کے جنگجوؤں نے ایک بار پھر شہر پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

شامی حکومت کی طرف سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG