رسائی کے لنکس

داعش نے شام و عراق کے بینکوں سے ایک ارب ڈالر لوٹے: امریکی عہدیدار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایڈم سوبین نے کہا کہ عسکریت پسند گروپ کے عالمی مالیاتی اداروں سے رابطوں کو ختم کرنے کے لیے امریکہ نے عراق کے ساتھ مل کر داعش کے زیر قبضہ علاقوں میں واقع بینکوں کی درجنوں شاخوں کو بند کردیا۔

امریکہ کی وزارت خزانہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ انتہا پسند عسکری گروپ داعش نے شام اور عراق کے بینکوں سے تقریباً ایک ارب ڈالر لوٹے ہیں۔

ایڈم سوبین نے کہا کہ عسکریت پسند گروپ کے عالمی مالیاتی اداروں سے رابطوں کو ختم کرنے کے لیے امریکہ نے عراق کے ساتھ مل کر داعش کے زیر قبضہ علاقوں میں واقع بینکوں کی درجنوں شاخوں کو بند کر دیا۔

تاہم سوبین نے کہا کہ داعش کی تیل کی تجارت کو (روکنا) ان کا ایک بڑا ہدف ہے۔

خبررساں ادارے روئیڑز کے مطابق لندن میں قائم تھنک ٹینک چیٹم ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزات خزانہ کے انسداد دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلیجنس کے قائم مقام نائب وزیر خزانہ سوبین نے کہا کہ "داعش اس تیل کی ایک بڑی مقدار کو اسد حکومت کو فروخت کر رہی ہے۔"

سوبین نے کہا کہ اس تیل کی"ایک بہت بڑی مقدار" اسد (حکومت) کے علاقوں میں پہنچ جاتی ہے، کچھ مقدار داعش کے زیر کنڑول علاقوں میں استعمال ہوتی ہے جبکہ اس کی کچھ مقدار کرد علاقوں میں پہنچ جاتی ہے۔

سوبین نے کہا کہ "اس کی کچھ مقدار سرحد پار ترکی پہنچ جاتی ہے۔"

روس کی طرف سے ترکی کی صدر طیب اردوان کے خاندان کے قریبی افراد پر تیل کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تاہم ترکی کے صدر اردوان نے روس کے ان الزامات کو مسترد کر دیا۔

سوبین نے کہا کہ داعش کے عسکریت پسندوں نے تیل کی تجارت سے 50 کروڑ ڈالر سے زائد حاصل کیے ہیں۔

داعش کی تجارت کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے سوبین نے کہا کہ داعش تیل کی تنصیبات سے ماہانہ چار کروڑ ڈالر کا تیل فروخت کر رہی ہے جو شام کی خانہ جنگی کے محاذوں سے پار ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے اور کبھی کبھار اس سے پرے بھی لے جایا جاتا ہے۔

تاہم سوبین نے کہا کہ "یہ صرف مالیاتی مسئلہ نہیں ہے، یہ غیر ملکی دہشت گردوں کی آمد کا معاملہ بھی ہے، یہ ہھتیاروں کا معاملہ بھی ہے اور یہ پیسے کا بھی (معاملہ) ہے۔ میرے خیال میں سرحد محفوظ بنانے سے دباؤ بڑھانے اور اس خطرے کو کم کرنے میں مدد ملے گی"۔

امریکی قیادت میں اتحاد کی طرف سے جاری فضائی کارروائیوں میں شام اور عراق میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ روس نے بھی رواں سال اس انتہا پسند گروپ کو فضائی کارروائیوں میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG