رسائی کے لنکس

کراچی میں مشتبہ طور پر داعش سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشتگرد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

علاقہ ایس ایس پی راؤ محمد انوار کے مطابق پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق پہلے القاعدہ برصغیر سے تھا جنہوں نے بعد میں شدت پسند تنظیم داعش میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

ایس ایس پی ضلع ملیر کراچی راؤ انوار کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچی تو مکان میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق دونوں جانب سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک کی شناخت قاری حبیب اللہ عرف عبدالسلام برمی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق اس کے بعض ساتھی پہلے ہی مقابلے میں مارے جاچکے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ قاری حبیب اللہ کوئٹہ ٹاون میں 12 افراد کے قتل کے علاوہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ، منظور کالونی اور محمود آباد میں بھی دو خواتین اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں مطلوب تھا۔ جبکہ دیگر ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔

علاقہ ایس ایس پی راؤ محمد انوار کے مطابق پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق پہلے القاعدہ برصغیر سے تھا جنہوں نے بعد میں شدت پسند تنظیم داعش میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے مزید ساتھیوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

اسی علاقے میں آپریشن کے دوران چند ماہ قبل کالعدم انصار الشریعہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان اور ملالہ یوسف زئی پر حملے میں نامزد ملزمان بھی پولیس مقابلے میں مارے جاچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG