رسائی کے لنکس

اسلام آباد نے ملتان کو ہرا کر ’پلے آف‘ میں جگہ بنالی


مصباح الحق
مصباح الحق

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 25ویں میچ میں پہلے بیٹسمینوں اور پھر بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو33 رنز سے شکست دے کر ’پلے آف‘ میں جگہ بنا لی ہے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کے طرف سے لیوک رونکی اور جے پی ڈومینی نے اننگز کا آغاز کیا۔

رونکی نے دھواں دار اننگز کھیلی اور صرف 36گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ دوسری جانب ڈومینی لیوک کے بالکل برعکس 12 گیندوں پر صرف 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

ایلکس ہیلز نے بھی حریف بولرز کا جم کر سامنا کیا اور 33 گیندوں پر برق رفتار 46رنز بنائے، حسین طلعت 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 21 گیندوں پر محیط اُن کی اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔

آصف علی اور فہیم اشرف نے آخری اوورز میں بھرپور شاٹس کھیلے اور 10 گیندوں پر 21 رنز بنا کر مجموعی اسکور 185 رنز تک پہنچا دیا جو رواں سیزن کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔آصف علی17اور فہیم اشرف 13رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے دو اور عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی اننگز کی شروعات تباہ کن انداز میں ہوئی، پہلے ہی اوور میں صرف 2رنز کے مجموعی اسکور پر اسمیت پٹیل نے پہلے سنگاکارا کو پویلین بھیجا اور پھر اگلی ہی گیند پر نئے آنے والے بیٹسمین کو سیف بدر کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

احمد شہزاد کو صرف تین رنز پر فہیم اشرف نے پویلین کی راہ دکھائی، صہیب مقصود بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 18رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

شعیب ملک اور پولارڈ نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 30 رنز جوڑ کر اسکور 50رنز تک پہنچایا۔ لیکن، شعیب کو شاداب خان نے کلین بولڈ کرکے ملتان سلطانز کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔

کائرون پولارڈ نے ٹیم کو فتح دلانے کی بھرپور کوشش کی۔ لیکن، اُن کی دھواں دار 73رنز بھی ٹیم کے کسی کام نہ آسکے اور پوری ٹیم 19اعشاریہ ایک اوور میں 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسلام آباد نےنہ صرف میچ 33رنز نے اپنے نام کر لیا، بلکہ ’پلے آف‘ میں بھی جگہ بنالی۔

ویٹلے 11، سہیل تنویر 10اور عمر گل 10رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سمیت پٹیل، فہیم اشرف، عماد بٹ اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 12پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 10، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے 9،9، پشاور زلمی کے 6 اور لاہور قلندرز کے 4 پوائنٹس ہیں۔

بدھ کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG