رسائی کے لنکس

اسلام آباد یونائٹیڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹ سے ہرا دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد یونائٹیڈ نے کراچی کنگز کو باآسانی 7 وکٹ سے ہرا دیا۔ جیت کا سہرا رونکی ، صاحبزادہ فرحان اور سمت پٹیل کی شاندار بیٹنگ کے سر رہا۔

رونکی نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 35 بالز پر8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 67 اور پٹیل نے 45 رنز بنائے۔مخالف ٹیم کے بالر اور کپتان عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

رونکی اور پٹیل آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے یوں اسلام آباد نے 16 اعشاریہ 1 اوور میں ہی 147 رنز بناکر یہ میچ جیت لیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز بھی اچھا آغاز نہ دے سکے اور صرف 5 رنز پر کیمرون ڈلپورٹ بغیر کوئی رن بنائے رونکی کا ساتھ چھوڑ گئے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے باوجود ڈلپورٹ اور نئے آنے والے بیٹسمین صاحبزادہ فرحان نے کوئی دباؤ نہیں لیا اور تیزی کے ساتھ رنز بناتے ہوئے پانچویں اوور کی پہلی گیند پر 50 رنز بناکر حریف ٹیم کے ہاتھ پاؤں پھلادیئے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے پارٹنر شپ بریک کرنے کے لئے اپنے تمام بولرز آزمائے لیکن سب بے سود رہے اور دونوں بیٹسمینوں نے 8 اوورز میں 80 رنز کی شراکت بناکر میچ پر ٹیم کی گرفت مضبوط کردی۔

اس موقع پر صاحبزادہ فرحان کو عماد وسیم نے کلین بولڈ کردیا، وہ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اگلی ہی گیند پر عماد وسیم نے نئے آنے والے بیٹسمین حسین طلعت کو اسٹمپ آؤٹ کرا دیا۔

اس سے قبل فہیم اشرف کی تباہ کن بولنگ کے باعث کراچی کنگز کی ٹیم بڑا اسکور نہ کرسکی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لئے 144 رنز کا ہی ہدف دے سکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور کراچی کنگز کو پہلے ہی اوور میں کولن مونرو کی وکٹ کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا، وہ بغیر کھاتہ کھولے رومان رئیس کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

نئے بیٹسمین اویس ضیاء نے بھی جلد ہی پولین کی راہ لی اور 19 کے مجموعی اسکور پر صرف تین رنز بناکر محمد موسیٰ کو وکٹ دے بیٹھے۔

کراچی کنگز کا برا وقت یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ اسکور میں صرف 6 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ کولن انگرام کو فہیم اشرف نے 5 رنز پر آؤٹ کردیا۔

کراچی کنگز کو سب سے بڑا نقصان اُس وقت ہوا جب ان فارم بیٹسمین بابر اعظم 21 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔

لیونگ اسٹون نے کسی حد تک مزاحمت پیش کی لیکن وہ 22 رنز کی سست رفتار اننگز کھیل کر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے . اگلی ہی گیند پر کپتان عماد وسیم گولڈن ڈک پر کلین بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

​خستہ صورتحال میں بین ڈنک اور عامر یامین نے ٹیم کو سہارا دیا اور ساتویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 69 رنز جوڑ کر اسکور 143 رنز تک پہنچادیا۔

ڈنک 49 اور عامر یامین 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف نے تین جبکہ رومان رئیس اور محمد موسیٰ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

انجرڈ محمد سمیع کی جگہ شاداب خان اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کے فرائض انجام دیئے۔

ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ
لیوک رونکی، صاحبزادہ فرحان، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، وین پارنیل، سمیت پٹیل، رومان رئیس اور محمد موسیٰ۔

ٹیم کراچی کنگز
کولن مونرو، بابر اعظم، اویس ضیاء، کولن انگرام، لیام لیونگ اسٹون، بین ڈنک، عماد وسیم، عامر یامین، محمد عامر، عمر خان اور عثمان شنواری۔

پوائنٹس ٹیبل
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں، جن میں دو جیتے اور دو ہارے، اس طرح وہ پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کنگز نے تین میچز میں سے ایک جیتا اور دو ہارے یوں وہ 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG