رسائی کے لنکس

اسلام آباد نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور کو ہرا دیا


اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز نے زلمی کے بیٹسمینوں کو جم کرکھیلنے کا موقع نہیں دیا اور کوئی بھی بیٹسمین لمبی اننگز نہیں کھیل سکا۔

پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کےبعد 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ میچ کا فیصلہ آخری بال پر ہوا۔اسمتھ نے ناقابل شکست 72 رنز بنائے۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے ایونٹ کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کوپہلی کامیابی جلد ملی اور اوپنرتمیم اقبال صرف 4 رنز بناکر رومان رئیس کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد حفیظ ایک بار پھر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 10 رنز بناسکے، کامران اکمل 19 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

وکٹیں گرنے کا سلسلہ یوں ہی جاری رہا اور صرف 66 رنز پر پشاور زلمی کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، صہیب مقصود بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے جبکہ شکیب الحسن نے صرف 5 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز نے زلمی کے بیٹسمینوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور کوئی بھی بیٹسمین لمبی اننگز نہیں کھیل سکا۔ ایون مورگن 28، ڈیرن سیمی 20 اور بوم بوم آفریدی 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ وہاب ریاض نے 15 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ یوں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بناسکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد سمیع نے 3، رومان رئیس اور شاداب خان نے 2،2 جبکہ محمد عرفان اور عمادبٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک سو 37 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو ابتدا ہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 12 رنز پر رفعت اللہ مہمند 11 رنز بناکر جنید خان کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ بریڈ ہیڈن کو صرف 2 رنز پر حسن علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

وکٹیں گرنے کا سلسلہ یہیں نہ رکا بلکہ سیم بلنگز صرف 11 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ کپتان مصباح الحق 5 رنز بناکر شکیب الحسن کی گیند پر وہاب ریاض کو کیچ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ پر اسمتھ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے امید کی کرن بنے رہے اور شین واٹسن کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں تیزرفتار 63 رنز بناکر ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے۔

میچ اس وقت دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا جب اسلام آباد یونائیٹڈ کو آخری اوور میں 6 رنز درکار تھے، جب اسکور برابر ہوا تو شین واٹسن مشکل رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 22 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔

میچ کی آخری بال پراسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے ایک رن درکار تھا جو نئے آنے والے بیٹسمین عماد بٹ نے بآسانی حاصل کرلیا، اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ میچ 5 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔

اسمتھ نے 59 گیندوں پرناقابل شکست 72 رنز بنائے، جس میں چار چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ اسمتھ کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پشاورزلمی کی طرف سے حسن علی، جنید خان، شکیب الحسن اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پشاور زلمی 5 پوائنٹس حاصل کرکے تیسرے، لاہور قلندرز 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر ہے، کراچی کنگز 2 پوائنٹس لے کر پانچویں نمبر ہے۔

پاکستان سپرلیگ میں اتوار کو صرف ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG