رسائی کے لنکس

اسلام آباد کی کوئٹہ کے خلاف ایک رن سے فتح


پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جو پہلے ہی پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 8،پشاور زلمی کے 7، لاہورقلندرز کے 6 اور کراچی کنگز کے 4پوائنٹس ہیں

پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو کے ایک میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے ہرا دیا۔ احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن کی شاندار 133 رنز کی شراکت بھی گلیڈی ایٹرز کے کام نہ آئی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 17ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔

گلیڈی ایٹرز کو پہلے ہی اوور میں بڑی کامیابی ملی۔ ذوالفقار بابر نے ڈوین اسمتھ کو صفر پر پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ رفعت اللہ مہمند اور حسین طلعت نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 60رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔

رفعت اللہ 17 رنز کی اننگز کھیل کر حسین طلعت کا ساتھ چھوڑ گئے، حسین طلعت نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 39گیندوں پر 2چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 56رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان مصباح الحق اور بریڈ ہیڈن نے اننگز کو آگے بڑھایا اور چوتھی وکٹ کیلئے 41رنز جوڑے، اس موقع پر ہیڈن تیز رفتار رنز بنانے کی کوشش میں حسن خان کی گیند پر انور علی کو کیچ دے بیٹھے۔ان کے بعد مصباح بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے، انہیں 25رنز پر انور علی نے کیچ آؤٹ کیا۔

شین واٹسن نے 16گیندوں پر 2چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے 29رنز بنائے جبکہ شاداب خان 9رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20اوورز میں 6وکٹیں گنواکر 165رنز بنا لئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ذوالفقار بابر اور انور علی نے دو، دو جبکہ حسن خان اور تھسارا پریرا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اسد شفیق صرف 8رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ پہلی وکٹ جلد گنوانے کے بعد احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کو وکٹ لینے کا کوئی موقع نہیں دیا اور وکٹ کے چاروں طرف کھل کر جارحانہ اسٹروکس کھیلے اور میچ کا نتیجہ اپنی ٹیم کے فیور میں کر دیا۔

کیون پیٹرسن اپنا کردار خوش اسلوبی سے نبھاتے ہوئے 43گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے دھواں دار 69 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 133رنز بنائے۔

احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن کی یہ شراکت پی ایس ایل میں کسی بھی وکٹ کیلئے دوسری بڑی پارٹنرشپ ہے۔ اس ایونٹ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ 153رنز کی ہے جو اسلام آباد یونائیٹڈ کے شین واٹسن اور شرجیل خان نے لاہور قلندرز کے خلاف بنائی تھی۔

کیون پیٹرسن کے آؤٹ ہونے کے بعداگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر احمد شہزاد بھی 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے اننگز میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔

ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بآسانی یہ میچ جیت جائے گی۔ لیکن، پیٹرسن اور احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور جلد ہی سرفراز احمد صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔انور علی 2رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

آخری اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کیلئے صرف 5رنز کی ضرورت تھی لیکن محمد سمیع کی عمدہ بولنگ کے باعث صرف تین رنز ہی بن سکے، یوں کوئٹہ کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ میچ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1رن سے اپنے نام کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے محمد عرفان، رومان رئیس، شاداب خان اور محمد سمیع نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے پر محمد سمیع کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے، جو پہلے ہی پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 8،پشاور زلمی کے 7، لاہور قلندرز کے 6 اور کراچی کنگز کے 4پوائنٹس ہیں۔

ایونٹ میں ہفتے کو دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جبکہ دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG