رسائی کے لنکس

کابل: داعش کے خودکش حملے میں طالبان مذہبی رہنما رحیم اللہ حقانی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جمعرات کو ایک دینی مدرسے میں ہونے والے خودکش حملے میں طالبان کے ایک اہم مذہبی رہنما رحیم اللہ حقانی ہلاک ہو گئے ہیں جو داعش کے خلاف اپنی تند و تیز تقریروں کی بنا پر شہرت رکھتے تھے۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب افغانستان پر طالبان کے اقتدار کو ایک سال مکمل ہو رہا ہے۔ حکومت سازی کے بعد سے ہی طالبان کو عسکریت پسند گروپ داعش خراساں کی جانب سے دہشت گرد حملوں کا سامنا رہا ہے اور طالبان فورسز اب تک اس گروپ کی جانب سے حملوں پر قابو پانے میں ناکام رہی ہیں۔

طالبان حکومت کے ایک ترجمان بلال کریمی نے شیخ رحیم اللہ حقانی کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "دشمن کی جانب سے یہ ایک وحشیانہ حملہ تھا۔"

انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں مقتول عالم دین رحیم اللہ حقانی کو ملک کی ممتاز علمی شخصیت قرار دیا۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور ایک ایسا شخص تھا جواپنی ایک ٹانگ سے معذور تھا اور وہ پلاسٹک کی مصنوعی ٹانگ استعمال کرتا تھا۔ دھماکہ خیز مواد اسی مصنوعی ٹانگ میں چھپایا گیا تھا۔ حملہ آور نے رحیم اللہ حقانی کے قریب پہنچ کر بارودی مواد کو دھماکے سے اڑا دیا۔

طالبان عہدے داروں نے کہا ہے کہ حملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔البتہ داعش نے شیخ رحیم اللہ حقانی پر خودکش حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

شیخ رحیم اللہ حقانی کافی عرصے سے داعش کی ہٹ لسٹ پر تھے اور اس سے قبل بھی ان پر دو قاتلانہ حملے ہو چکے تھے۔ جن میں سے ایک حملہ اس وقت ہوا جب وہ پڑوسی ملک پاکستان میں تھے۔افغان طالبان کے کئی اہم سینئر ارکان کی طرح رحیم اللہ حقانی بھی پشاور کے قریب قائم دارالعلوم حقانیہ سے فارغ التحصیل تھے۔

رحیم اللہ حقانی میڈیا کے ساتھ اپنی بات چیت میں متعدد بار یہ کہہ چکے تھے کہ ان پر حملے داعش کی جانب سے کیے جا رہے ہیں۔

'افغانستان کا مستقبل تاریک نظر آتا ہے'
please wait

No media source currently available

0:00 0:05:48 0:00

واضح رہے کہ داعش خراسان نامی جنگجو تنظیم 2015 کے اوائل میں ابھرنا شروع ہوئی تھی۔ طالبان اور ان کے درمیان افغانستان کے مختلف علاقوں میں جھڑپیں بھی ہوتی رہی ہیں ۔

داعش خراسان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ طالبان کی افغانستان پر حکمرانی کے خلاف ہے اور طالبان جنگجو اور ملک کے اقلیتی شیعہ مسلمان اس کے مہلک حملوں کا خاص ہدف ہیں۔

اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد خبر رساں ادارے ' ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG