رسائی کے لنکس

’داعش‘ نے 217 شہریوں اور فوجیوں کو پالمیرہ میں قتل کر دیا: رپورٹ


قتل کیے گئے افراد میں سے کچھ کے سر قلم کیے گئے جبکہ دوسروں کو گولی ماری گئی یا تیز دھار آلے سے وار کر کے ہلاک کیا گیا۔

شدت پسند تنظیم داعش نے پالمیرہ (تدمر) کے قریب واقع شام کے مشرقی علاقے حمص میں بچوں سمیت 217 افراد کو قتل کر دیا ہے۔

شدت پسندوں نے گزشتہ ہفتے قدیم شہر پالمیرہ پر قبضہ کیا تھا۔

برطانیہ میں قائم ’سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ نے کہا کہ داعش کے ہاتھوں مرنے والوں میں نرسیں، عورتیں، بچے اور شامی حکومت کے جنگجو بھی شامل تھے۔ شدت پسندوں نے 600 سے زائد افراد کو یرغمال بھی بنا لیا ہے۔

آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمٰن نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ قتل کیے گئے افراد میں سے کچھ کے سر قلم کیے گئے جبکہ دوسروں کو گولی ماری گئی یا تیز دھار آلے سے وار کر کے ہلاک کیا گیا۔ آبزرویٹری نے کہا کہ داعش نے مرنے والوں اور یرغمال بنائے جانے والے افراد پر شامی ’’حکومت کے ایجنٹ‘‘ ہونے کا الزام لگایا ہے۔

شام کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ پالمیرہ پر قبضے کے بعد داعش نے پورے پورے خاندانوں سمیت 400 افراد کو قتل کر دیا ہے۔

شدت پسندوں کے قبضے کے بعد سے 2,000 سال قدیم تاریخی ورثہ تباہی کے خطرے سے دوچار ہے۔ داعش نے ہمسایہ ملک عراق میں شہروں اور قصبوں پر دھاوا بول کر تاریخی ورثے کو تباہ کر دیا تھا اور ان سب لوگوں کو ہلاک کر دیا تھا جو ان کے خیال میں حکومت سے تعاون کر رہے تھے۔

داعش کے شدت پسند تاریخی مقامات اور مجسموں کو اسلام کے منافی تصور کرتے ہوئے توہینِ مذہب سمجھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG