رسائی کے لنکس

دولتِ اسلامیہ کی سعودی عرب پر حملوں کی دھمکی


ابو بکر البغدادی کی فائل فوٹو
ابو بکر البغدادی کی فائل فوٹو

اپنی تقریر میں دولتِ اسلامیہ کے سربراہ نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں جہاد کا آغاز کریں اور "آمر حکمرانوں کے خلاف دنیا کو آگ سے بھردیں"۔

مشرقِ وسطیٰ میں سرگرم شدت پسند تنظیم 'دولتِ اسلامیہ' کے سربراہ نے اپنے جنگجووں اور حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کو حملوں کا نشانہ بنائیں۔

دولتِ اسلامیہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جمعرات کو ایک آڈیو تقریر جاری کی ہے جو شدت پسند تنظیم کے بیان کے مطابق اس کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی ہے۔

آڈیو میں دولتِ اسلامیہ کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اپنی خلافت کا دائرہ سعودی عرب اور چار دیگر عرب ملکوں تک بڑھا رہے ہیں۔

تقریر میں البغدادی نے سعودی عرب میں موجود اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مملکت کے حکمرانوں کے خلاف بغاوت کا علم بلند کریں جو، ان کے بقول، امریکہ کی قیادت میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف بننے والے عالمی اتحاد کا ساتھ دے رہے ہیں۔

دولتِ اسلامیہ کے سربراہ نے اپنی آڈیو تقریر میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تنظیم کے خلاف شام اور عراق میں جاری امریکی فضائی حملے ناکامی سے دوچار ہورہے ہیں۔

انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ دنیا بھر میں جہاد کا آغاز کریں اور "آمر حکمرانوں کے خلاف دنیا کو آگ سے بھردیں"۔

اپنی تقریر میں شدت پسندرہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے علاوہ لیبیا، مصر، یمن اور الجزائر کے کئی مسلمانوں نے ان کے ہاتھ پر بیعت کرکے ان کی خلافت تسلیم کرلی ہے۔

خیال رہے کہ دولتِ اسلامیہ نے شام اور عراق کے وسیع رقبے پر قبضہ کرنے کے بعد رواں سال جون میں اپنے زیرِ قبضہ علاقوں کو اسلامی ریاست قرار دیتے ہوئے تنظیم کے سربراہ ابو بکر البغدادی کو "خلیفہ" مقرر کیا تھا۔

اپنی تقریر میں ابو بکر البغدادی نے مزید کہا کہ پانچ عرب ریاستوں میں موجود اپنے "بھائیوں" کی جانب سے بیعت کرنے کے بعد وہ 'دولتِ اسلامیہ' کو ان ملکوں تک وسعت دیتے ہوئے وہاں اپنے "گورنروں" کا تقرر کر رہے ہیں۔

اپنی تنظیم کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادی ملکوں کی فضائی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے البغدادی کا کہنا تھا کہ اپنی تمام تر حشر سامانی اور شدت کے باوجود "صلیبی مہم" ناکام رہی ہے اور امریکہ اور اس کے اتحادی "خوف، کمزوری، دہشت اور ناکامی" کا شکار ہوگئے ہیں۔

عربی میں کی جانے والی تقریر میں دولتِ اسلامیہ کے سربراہ نے کئی عرب ملکوں کی صورتِ حال پر الگ الگ تبصرہ کرتے ہوئے وہاں سرگرم شدت پسندوں گروہوں اور اپنے حامیوں کو ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق انٹرنیٹ پر جاری کی جانے والی اس آڈیو کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے لیکن اس میں سنی جانے والی آواز ابو بکر البغدادی کی آواز سے ملتی جلتی ہے۔

دولتِ اسلامیہ کے سربراہ نے اس سے قبل شام اور عراق میں خلافت کے قیام کے اعلان کے چند روز بعد جولائی میں عراق کے شہر موصل کی مسجد میں جمعے کا خطبہ دیا تھا جس کے بعد سے ان کی کوئی تقریر یا خطاب منظرِ عام پر نہیں آیا ہے۔

رواں ماہ عراق کے ایک شہر میں مبینہ طور پر 'دولتِ اسلامیہ' کے رہنماؤں کے ایک اجلاس پر امریکی بمباری کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی تھیں کہ حملے میں ابو بکر البغدادی ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔

لیکن امریکی اور عراقی حکام نے ان قیاس آرائیوں کی تصدیق یا تردید سے معذوری ظاہر کی تھی۔

XS
SM
MD
LG