رسائی کے لنکس

عراق: داعش کا امریکی صحافی کو قتل کرنے کا دعویٰ

شام میں نومبر 2012ء میں لاپتا ہونے والا امریکی صحافی جیمز رائٹ فولی
شام میں نومبر 2012ء میں لاپتا ہونے والا امریکی صحافی جیمز رائٹ فولی

شدت پسندوں کے مطابق ویڈیو میں دکھایا جانے والا شخص امریکی صحافی جیمز رائٹ فولی ہے جو شام کی خانہ جنگی کی رپورٹنگ کے دوران نومبر 2012ء میں لاپتا ہوگیا تھا۔

عراق کی شدت پسند تنظیم'داعش' نے ایک مغوی امریکی صحافی کا سر قلم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔تنظیم نے کہا ہے کہ اس کے اس قدم کا مقصد امریکہ کو عراق میں مداخلت روکنے کا پیغام دینا ہے۔

'داعش (الدولۃ الاسلامیۃ فی العراق والشام)' نے – جسے اب 'ریاستِ اسلامیہ' کہا جاتا ہے – انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں شدت پسندوں کو ایک شخص کا سر قلم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

شدت پسندوں کے مطابق ویڈیو میں دکھایا جانے والا شخص امریکی صحافی جیمز رائٹ فولی ہے جو شام کی خانہ جنگی کی رپورٹنگ کے دوران نومبر 2012ء میں لاپتا ہوگیا تھا۔

'یوٹیوب' پر جاری کی جانے والی ویڈیو کا عنوان "(ریاستِ اسلامیہ کی جانب سے )امریکہ کے لیے ایک پیغام" ہے جس میں دکھایا جانے والا شخص اپنے گھٹنوں پر جھکا ہوا ہے اور شدت پسند اس کا سر قلم کر رہے ہیں۔

تاہم اس ویڈیو کے حقیقی ہونے اور اس میں موجود شخص کے جیمز رائٹ فولی ہونے کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ نے حالیہ ہفتوں کے دوران عراق میں ریاستِ اسلامیہ کے ٹھکانوں اور جنگجووں پر کئی فضائی حملے کیے ہیں۔

ان حملوں کا مقصد شمالی عراق میں تنظیم کے جنگجووں کی پیش قدمی اور عراق کی شیعہ، عیسائی، یزیدی اور کرد آبادیوں کے خلاف جنگجووں کی کارروائیوں کا زور توڑنا تھا۔

XS
SM
MD
LG