رسائی کے لنکس

 اسرائیل رفح منصوبے پر منسوخ شدہ میٹنگ کے دوبارہ انعقاد کا خواہش مند کیوں؟


اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو، فائل فوٹو
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو، فائل فوٹو

  • اسرائیل نے امریکہ حکام سے کہا ہے کہ وہ رفح میں اس کے فوجی منصوبوں پر بات کرنے کے لیے میٹنگ کو دوبارہ شیڈول کریں۔
  • وزیر اعظم نیتن یاہو نے ان طے شدہ مذاکرات کو اچانک منسوخ کر دیا تھا۔
  • نیتن یاہو اگلے ہفتے رفح پر وائٹ ہاؤس کی میٹنگ کے لیے ایک وفد بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔ اسرائیلی اہل کار

ایک امریکی اہل کار نے بدھ کے روز کہا کہ اسرائیل نے امریکی حکام سے کہا ہے کہ وہ غزہ کے جنوبی شہر رفح میں اس کے فوجی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک میٹنگ کو دوبارہ شیڈول کریں۔ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ان طے شدہ مذاکرات کو چند دن قبل اچانک منسوخ کر دیا تھا۔

نیتن یاہو نے امریکہ کی جانب سے پیر کے روز اقوام متحدہ میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد کی اجازت کے بعد ایک سینئر اسرائیلی وفد کا واشنگٹن کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا تھا۔

تل ابیب کا یہ اقدام بظاہر اسرائیلی وزیر اعظم کی امریکہ کے ساتھ بڑھتی ہوئی مایوسی کا عکاس تھا۔

امریکی حکام نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ اسرائیل کی جانب سے اجلاس کی منسوخی سے پریشان تھی اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اس اقدام کو سلامتی کونسل کی قرارداد پر اسرائیل کا ایک شدید رد عمل سمجھا گیا تھا۔

بدھ کو، ایک امریکی اہل کار نے کہا کہ نیتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ وہ رفح کے لیے مختص میٹنگ کو دوبارہ شیڈول کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی اہل کار نےمزید کہا کہ اب ہم ان کے ساتھ مل کر ایک مناسب تاریخ طے کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

واشنگٹن میں ایک اسرائیلی اہل کار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ نیتن یاہو اگلے ہفتے رفح پر وائٹ ہاؤس کی میٹنگ کے لیے ایک وفد بھیجنے پر غور کر رہے ہیں لیکن شیڈولنگ پر ابھی کام جاری ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG