رسائی کے لنکس

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں چار افراد ہلاک


غزہ پر اسرائیلی حملوں میں چار افراد ہلاک
غزہ پر اسرائیلی حملوں میں چار افراد ہلاک

غزہ کی پٹی میں ہفتہ کو اسرائیلی فوج کے حملوں میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیل پر راکٹ داغے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

فلسطینی عہدے داروں نے کہا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے میں اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس کے ایک سینیئر کمانڈر سمیت تین جنگجو ہلاک ہو گئے جب کہ ٹینک کا گولہ لگنے سے ایک فلسطینی شہری مارا گیا۔

دریں اثناء غزہ سے اسرائیل کے جنوبی علاقوں پر راکٹ حملوں کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔ اسرائیل نے فلسطینی علاقوں میں حملے جمعرات کو شروع کیے جب غزہ سے فائر کیا گیا ایک راکٹ اسرائیلی اسکول بس پر لگا جس سے 16سالہ طالب علم اور بس کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔

حماس کے جنگجوؤں کی طرف سے جمعرات کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا لیکن اس کے باوجود اسرائیلی حملوں میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اب تک اس لڑائی میں 18 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت کی شناخت حماس کے جنگجوؤں کے طور پر کی گئی ہے لیکن ہلاک ہونے والوں میں ایک نوجوان سمیت کئی فلسطینی شہری بھی شامل ہیں۔

دو سال قبل حماس اور اسرائیل کے درمیان تین ہفتوں تک ہونے والی جنگ کے بعد غزہ میں ہونے والی یہ شدید ترین لڑائی ہے۔

XS
SM
MD
LG