رسائی کے لنکس

اسرائیل نے امریکی کانگریس کی مسلم رکن کو انکار کے بعد ویزہ دے دیا


امریکی ایوان نمائندگان کی مسلم ارکان الہان عمر اور راشدہ طلیب۔ فائل فوٹو
امریکی ایوان نمائندگان کی مسلم ارکان الہان عمر اور راشدہ طلیب۔ فائل فوٹو

اسرائیل کی حکومت نے ایک روز پہلے امریکی کانگریس کی دو خواتین ارکان کو اسرائیل میں داخلے کا ویزہ دینے سے انکار کر دیا تھا، لیکن اب اسرائیلی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنا پر ایک خاتون رکن رشیدہ طلیب کو ویزہ دے دیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا ہے کیونکہ رشیدہ کی نانی مغربی کنارے میں مقیم ہیں اور رشیدہ طلیب اپنی ضعیف نانی سے ملنے کے لیے جانا چاہتی ہیں۔

وزیر داخلہ کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ طلیب پابندیوں کا احترام کریں گی اور اپنے دورے کے دوران بائیکائٹ کے مطالبے کو نہیں دوہرائیں گی۔

ادھر صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ویزے کے اجرا کے سلسلے میں اسرائیل پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ یہ رکن کانگریس اسرائیل اور یہودی مخالف ہیں۔ اگر کوئی دوسرا اس قسم کے بیانات دیتا تو اسے اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پرتی۔

صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے اپنی مخالفت کا اظہار اسرائیل میں کس سے کیا تھا۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ پیغام میں لکھا تھا کہ اگر اسرائیل نے عمر اور طلیب کو ویزہ دیا اس سے ان کی کمزوری کا اظہار ہو گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ دونوں خواتین منی سوٹا اور مشی گن کے لیے باعث ندامت ہیں اور وہاں کے لوگوں کے لیے انہیں دوبارہ منتخب کرنا بہت مشکل ہو گا۔

الہان عمر اور راشدہ طلیب 18 سے 22 اگست تک یروشلم کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جہاں مسلمانوں کا قبلہ اول اور یہودیوں کی اہم مذہبی مقامات موجود ہیں۔

'وال سٹریٹ جرنل' کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں خواتین اسرائیل پہنچنے کے بعد یروشلم، بیت لحم, ہبران اور رملہ جانے کا ارادہ رکھتی تھیں۔

فلسطینیوں سے متعلق اسرائیلی حکومت کی پالیسی پر ان کی تنقید سے کئی حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

بدھ کے روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، داخلی سیکورٹی کے وزیر، قومی سلامتی کونسل کے سربراہ اور اٹارنی جنرل کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس میں امریکی کانگریس کی ان دونوں خواتین ارکان کے مجوزہ دورہ یروشلم کے حوالے سے غور کیا۔

اجلاس کے بعد اسرائیل کے سرکاری اہل کاروں نے میڈیا کو بتایا کہ اس بات کا واضح امکان موجود ہے کہ اسرائیل امریکی کانگریس کی ان دونوں ارکان کو یروشلم کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دے۔

الہان عمر اور راشدہ طلیب ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے امریکی ایوان نمائندگان میں منتخب ہونے والی دو پہلی مسلمان خواتین ہیں۔

XS
SM
MD
LG