رسائی کے لنکس

اسرائیل: نئی بستیوں کی تعمیردوبارہ شروع کرنے کی منظوری


اسرائیل کی حکمراں جماعت نےمشرقی مشرقی یروشلم اورمغربی کنارےمیں بستیوں کی تعمیرکودوبارہ شروع کرنےکی منظوری دے دی ہے۔ تعمیر پرعارضی پابندی کی میعاد ستمبرمیں ختم ہونے والی ہے۔

اسرائیلی میڈیانے جمعرات کوخبر دی ہےکہ لکڈ پارٹی کے سربراہ، وزیرِاعظم بیجامن نتن یاہو نےاجلاس میں شرکت نہیں کی۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم گذشتہ کئی مہینوں سےاس پر ووٹنگ کو کئی مرتبہ ملتوی کرتے آرہے ہیں۔

گذشتہ نومبر میں مسٹر نتن یاہو نے نئی تعمیرات کو دس ماہ تک کے لیے روک دیا تھا۔ اُنھوں نے یہ اقدام امریکہ کے اس مطالبے کےجواب میں دیا تھا کہ اسرائیل اورفلسطینیوں کےدرمیان امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے لازم ہے کہ مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع کا کام روک دیا جائے۔

چھ جولائی کو مسٹر نتن یاہو امریکی صدر براک اوباما سے واشنگٹن میں ملاقات کرنے والے ہیں۔

گذشتہ ماہ فلسطینی صدر محمود عباس نےامریکی ثالثی میں بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پررضامندی کا اظہار کیا تھا۔ لیکن اُنھوں نے کہا تھا کہ اُس وقت تک براہ راست مذاکرات کی طرف آگے نہیں بڑھا جاسکتا جب تک آبادکاری کو مکمل طور پر روک نہیں دیا جاتا۔

جمعرات کو مسٹر عباس نے مشرقی یروشلم سے اُن چار فلسطینی سیاست دانوں کو بےدخل کیےجانے کی اسرائیلی کارروائی کی مذمت کی، جن کا تعلق انتہا پسند مذہبی گروپ حماس سے ہے۔

مسٹرعباس نے کہا کہ اِس سے ایک خطرناک مثال قائم ہوتی ہے جس کے باعث امن کے حصول کی راہ میں نئی مشکلات پیدا ہوں گی۔ اُنھوں نے کہا کہ فلسطینی قیادت کسی صورت اِسے قبول نہیں کرے گی۔

XS
SM
MD
LG