رسائی کے لنکس

اسرائیل فلسطین مذاکرات، ابتدائی دور کی تیاری مکمل


مذاکرات سے کچھ ہی گھنٹے قبل، کیری نے اسرائیل میں تعینات رہنے والے ایک سابق امریکی سفیر مارٹن انڈک کو اپنے ’پوائنٹ مین‘ کے طور پر نامزد کیا

تقریباً تین برس کے تعطل کے بعد، براہِ راست مذاکرات کا پھر سے آغاز کرنے کے لیے، اسرائیلی اور فلسطینی مذاکرات کار پیر کی شام واشنگٹن میں ابتدائی بات چیت کا ایک دور کرنے والے ہیں، جِس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔

گفتگو کا آغاز کرنے کے لیے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سربراہ مذاکرات کاروں، اسرائیل کی زِپی لِونی اور فلسطینیوں کی طرف سے صائب ارکات ایک افطار عشائیے پر ملاقات کرنے والے ہیں۔ دونوں فریق مزید بات چیت کے لیے منگل کو ملاقات کریں گے۔

مذاکرات شروع ہونے سے کچھ ہی گھنٹے قبل، کیری نے اپنے ’پوائنٹ مین‘ کے طور پر اسرائیل میں تعینات رہنے والے ایک سابق امریکی سفیر مارٹن انڈک کو نامزد کرنے کا اعلان کیا۔

انڈک 2000ء کے کیمپ ڈیوڈ امن مذاکرات میں ایک کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔

اوباما انتظامیہ کی طرف سے سابق سینیٹر جارج مچیل مشرق وسطیٰ کے اولین نمائندہٴ خصوصی رہ چکے ہیں۔ اسرائیل اور فلسطینیوں کو بامقصد مذاکرات میں شریک کرنے کی دو برس کی ناکام کوششوں کے بعد مچیل 2011ء میں مستعفی ہوگئے تھے۔

پیر کے روز امریکی محکمہٴخارجہ میں ہونے والی ایک بریفنگ میں، انڈک کے ہمراہ کیری نے کہا کہ ’مذاکراتی حل کی تلاش کےلیے معقول نوعیت کےسمجھوتےکرنا لازم امر ہوگا‘۔
XS
SM
MD
LG