رسائی کے لنکس

اسرائیل ،فلسطین امن مذاکرات کادوسرا دور، اہم مسائل پر گفتگو


مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی امریکی سفیر جارج مچل نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین بنجمن نتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس نے براہ راست امن مذاکرات میں اہم مسائل پر سنجیدہ بات چیت شروع کردی ہے۔

اسرائیلی اور فلسطینی راہنماؤں کے درمیان منگل کے روز مصر میں امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کی موجودگی میں بات چیت ہوئی۔

امریکی خصوصی مندوب جارج مچل کا کہنا ہے کہ مذاکرات مجموعی طورپر مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں ، لیکن انہوں نے اس بارے میں کوئی اشارہ نہیں دیا کہ آیا یہودی بستیوں کی تعمیر کے کلیدی مسئلے کے حل پر بات چیت آگے بڑھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمومی مقصد دو قوموں کے لیے دو ریاستوں کا قیام ہے۔

ان راہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور بدھ کے روز یروشلم میں ہوگا۔

جارج مچل کاکہناتھا کہ یہودی بستیوں کے معاملے میں امریکی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اوباما انتظامیہ چاہتی ہے کہ اسرائیل بستیوں کی تعمیر پر عائد 10 ماہ کی پابندی میں توسیع کرے ]جو 26 ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔

مسٹر نتن یاہو کہہ چکے ہیں کہ ان کی حکومت یہودی بستیوں کی تعمیر پر عائد پابندی میں توسیع نہیں کرے گی۔ لیکن انہوں نے یہ اشارہ دیاتھا کہ اسرائیل مستقبل میں تعمیرات محدود کردے گا اور سابقہ منصوبوں کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں مکانات تعمیر نہیں کیے جائیں گے ۔

مسٹر عباس یہ دھمکی دے چکے ہیں کہ اگراسرائیل نے مقبوضہ علاقوں پر تعمیر ات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا تو وہ امن مذاکرات سے الگ ہوجائیں گے۔

XS
SM
MD
LG