رسائی کے لنکس

فلسطین کے ساتھ جلد براہ راست مذاکرات چاہتے ہیں: نتن یاہو


اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نتن یاہو، اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات کررہے ہیں
اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نتن یاہو، اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات کررہے ہیں

مسٹر نتن یاہو کا کہنا ہے کہ امن کے عمل کی طرف پیش رفت کے لیے، واشنگٹن، قاہرہ یا کسی بھی اور جگہ مذاکرات کا جلد شروع ہونا ضروری ہے۔ جب کہ فلسطینی صدر محمود عباس کہہ چکے ہیں کہ وہ اس وقت تک براہ راست مذاکرات شروع نہیں کریں گے جب تک کسی ایجنڈے اور نظام الاوقات پر کوئی معاہدہ نہیں ہوجاتا۔

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے فلسطینیوں کے ساتھ غیر مشروط براہ راست مذاکرات شروع کرنے کی اپنی خواہش کو پھر دوہرایا ہے۔

مسٹر نتن یاہو نے یہ بات پیر کے روز ایتھنز میں اپنے یونان کے دو روزہ دورے کے آغاز پر کہی ۔ انہوں نے کہا کہ امن کے عمل کی طرف پیش رفت کے لیے، واشنگٹن، قاہرہ یا کسی بھی اور جگہ مذاکرات کا جلد شروع ہونا ضروری ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے یہ بیان یونانی وزیر اعظم جارج پاپندریو کے ساتھ مذاکرات کے بعد دیا۔

فلسطینی صدر محمود عباس کہہ چکے ہیں کہ وہ اس وقت تک براہ راست مذاکرات شروع نہیں کریں گے جب تک کسی ایجنڈے اور نظام الاوقات پر کوئی معاہدہ نہیں ہوجاتا۔ فلسطینی ان علاقوں میں ، جسے وہ مستقبل کی اپنی ریاست بنانا چاہتے ہیں، اسرائیلی بستیوں کی تعمیر پر مکمل پابندی کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔

وزیر اعظم نتن یاہو نے اس سلسلے میں گذشتہ سال تعمیرات پر دس ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔

اوباما انتظامیہ اگلے مہینے کے شروع میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان براہ راست مذاکرات کےآغاز کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔مسٹر عباس اور اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ایہود اولمرٹ کے درمیان براہ راست مذاکرات کا سلسلہ دسمبر 2008ء میں ٹوٹ گیا تھا۔

مسٹر نتن یاہو کا یونان کا دورہ کسی بھی اسرائیلی وزیراعظم کا پہلا دورہ ہے۔ توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک تجارت، معیشت اور ماحولیات سے متعلق امورپر اپنے تعلقات مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔

XS
SM
MD
LG