رسائی کے لنکس

حزب اللہ تشدد کو بڑھانا نہیں چاہتا: اسرائیل


تشدد کو مزید بڑھانا نہیں چاہتے، حزب اللہ کا اسرئیل کو پیغام

اسرائیل نے جمعرات کو دعویٰ کیا ہے کہ اسے لبنان کی عسکریت پسند تنطیم حزب اللہ کی طرف سے مزید تشدد نہ بڑھانے کا پیغام ملا ہے۔

یہ پیغام حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر ہونے والے ہلاکت خیز جھڑپوں کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر جمعرات کی صبح حالات پرامن رہے۔ یہاں بدھ کو اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو اسرائیلی فوجی اور اقوام متحدہ کے امن مشن کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا تھا۔

خبررساں ادارے رائیڑز نے اسرائیلی وزیر دفاع موشہ یعلون کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل کو لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی طرف سے یہ پیغام موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کو کشیدگی مزید بڑھانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ "بلاشبہ ایک پیغام موصول ہوا ہے۔۔۔ ہمارے اور لبنان کے درمیان یواین آئی ایف ایل (اقوام متحدہ کی فورس) کے ذریعے روابط موجود ہیں اور اس طرح کا پیغام واقعی موصول ہوا تھا"۔

بیروت میں حزب اللہ کے عہدیداروں کی طرف تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسر ی طرف یعلون نے ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ جب تک یہ علاقہ مکمل طور پر پرسکون نہیں ہو جاتا اس وقت تک اسرائیل دفاعی فورسز چوکس اور تیار رہیں گی۔

سرحد پر بدھ کو اسرائیلی فوجی اس وقت ہلاک ہوئے جب حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی گاڑی پر پانچ میزائل داغے۔ یہ حملہ بظاہر 18 جنوری کو جنوبی شام میں ہونے والی اسرائیلی فضائی کارروائی کے ردعمل میں کیا گیا جس میں ایک ایرانی جنرل سمیت حزب اللہ کے چھ کارکن ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG