رسائی کے لنکس

امریکہ کے ساتھ معاملہ ابھی حل نہیں ہوا: اسرائیلی وزیرِ اعظم


اوباما انتظامیہ مشرقی یروشلم میں یہودی آبادکاروں کےمکانات کی تعمیررُکوانےکےلیے اسرائیل پر زور دیتی رہی ہے

اسرائیلی وزیرِ اعظم نے عندیہ دیا ہے کہ اُن کی حکومت نے ابھی تک امریکہ کے ساتھ مقبوضہ مشرقی یروشلم میں اسرائیلی تعمیرات کےمعاملےکو حل نہیں کیا۔

بن یامن نتن یاہو نے بدھ کے روز کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کے ما بین ایسے معاملات ہیں جن پر وہ متفق ہیں اور ایسے معاملات بھی ہیں جن پر وہ متفق نہیں۔

عہدہ سنبھالنے کے ایک سال مکمل ہونے پر اخباری کانفرنس سے خطاب میں مسٹر نتن یاہو نے کہا کہ فریقین کچھ معاملات پر سوچ کے فرق کو دور کرنے والے ہیں۔ اُنھوں نے اِس کی وضاحت نہیں کی۔

اوباما انتظامیہ مشرقی یروشلم میں یہودی آبادکاروں کے لیے مکانات کی تعمیر کو رُکوانے کے لیے اسرائیل پر زور دیتی رہی ہے، جس رقبے پر فلسطینیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ اُن کی مستقبل کی ریاست کا دارالحکومت ہوگا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ مشرقی یروشلم میں یہودی بستیاں آبادکاری نہیں ہیں، اور اُن کا دعویٰ ہے کہ یہ اُن کے دارالحکومت کا حصہ ہے، جس دعوے کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم نہیں کیا جاتا۔

فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ بالواسطہ امن مذاکرات کا آغاز کرنے سے اُس وقت تک انکار ہے جب تک وہ شہر کے مشرقی رقبے میں تعمیرات کو روک نہیں دیتا۔

امریکہ اسرائیل تنازع پچھلے ماہ اُس وقت کھڑا ہوا جب امریکی نائب صدر جو بائیڈن خطے کے دورے پر تھے، اوراسرائیل نے مشرقی یروشلم میں 1600گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کیا۔

اوباما انتظامیہ نے اِس منصوبے کی مذمت کی اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فلسطین امن مذاکرات کو جاری کرنے کے لیے وہ اعتماد سازی کی خاطر اقدامات کرے، اگرچہ یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ اقدامات کیا ہوں۔

XS
SM
MD
LG