رسائی کے لنکس

اسرائیلی وزیر دفاع کی نکتہ چینی پر امریکہ برہم


ترجمان جین ساکی
ترجمان جین ساکی

محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان نے کہا ہےکہ کیری اور اُن کے ساتھی اسرائیل فلسطین امن عمل کے معاملے پر ’دِن رات‘ ایک کرکے کام کرتے رہے ہیں، کیونکہ کیری کو اسرائیل کے مستقبل میں گہری دلچسپی ہے

امریکہ نے اسرائیل کی طرف سے اسرائیل فلسطین امن عمل کے بارے میں امریکی ’فوکس‘ پر تنقیدی بیان بازی پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

منگل کے روز اسرائیل کے ایک سرکردہ اخبار نے اسرائیلی وزیر دفاع، موشے یعلون کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیلی سلامتی کا منصوبہ جسے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پیش کیا، وہ، بقول اُن کے، ’اُس کاغذ کی بھی وقعت نہیں رکھتا، جس پر اُسے تحریر کیا گیا ہے‘۔

اخبار ’دِی یدیوت اھارونوت‘ نے یعلون کے حوالے سے یہ نکتہ چینی بھی کی ہے کہ، بقول اُن کے، یہ کیری کی سادگی ہے، جِن کا امن عمل کے سلسلے میں توجہ کا مرکز، سمجھ سے بالا تر ہے۔

بعدازاں، امریکی محکمہٴ خارجہ نے منگل کے روز کہا کہ یعلون کے بیانات ’نازیبا اور نامناسب ہیں، خصوصاً اُن تمام باتوں کو نظر میں رکھتے ہوئے، جو امریکہ اسرائیلی سلامتی کی ضروریات کو پورا کرنے کی حمایت میں کر رہا ہے‘۔

ایک بیان میں، محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان، جین ساکی نے کہا کہ کیری اور اُن کے ساتھی اس معاملے پر ’دِن اور رات‘ ایک کرکے کام کرتے رہے ہیں، کیونکہ کیری کو اسرائیل کے مستقبل میں گہری دلچسپی ہے۔

گذشتہ برس امریکہ کا اعلیٰ ترین سفارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد، امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اِس خطے کا 10 بار دورہ کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG