رسائی کے لنکس

اسرائیل: متنازع بستیوں کی تعمیر پر امریکہ سے کشیدگی کم کرنے کی کوشش


اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نتن یاہو ، امریکی نائب صدر جو بائیڈن کے دورے کے دوران اُس کشیدگی کو کم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں جومتنازع مشرقی یروشلم میں یہودی بستوں کی توسیع کے منصوبوں کے اعلان کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہے۔

توسیعی منصوبے میں مشرقی یروشلم میں، جسے فلسطینی اپنا مستقبل کا دارالحکومت بنانا چاہتے ہیں، 1600 نئے مکانوں کی تعمیر کے لیے کہا گیاہے ۔

مسٹر نتن یاہو نے کہا کہ وزارت داخلہ نے توسیعی منصوبے کا اعلان انہیں علم میں لائے بغیر کیا تھا اور اعلان کے وقت کا تعین دانستہ نہیں تھا۔

اُنھوں نے امریکی نائب صدر جوبائیڈن سے معذرت کرتے ہوئے اِس معاملے کو ختم کرنے کی توقع کا اظہار کیا۔

جمعے کے روز امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا تھا کہ اسرائیل کا مکانوں کی تعمیر کا منصوبہ اور اِس کے اعلان کا وقت ، امریکہ کی ہتک کے مترادف تھا اور اِس سے مشرق وسطیٰ امن عمل کو شدید نوعیت کا منفی پیغام ملا۔

ہفتے کے روز فلسطین کے اعلیٰ ترین مذاکرات کار صائب ارکات نے اسرائیلی منصوبے کی بین الاقومی سطح پر مذمت کا خیر مقدم کیا۔

امریکہ، اقوام متحدہ، یورپی یونین اور روس پر مشتمل مشرق وسطیٰ کے لیے سفارتی گروپ نے کہا کہ بین الاقوامی کمیونٹی ، یک طرفہ اسرائیلی اقدام کو تسلیم نہیں کرے گی۔ گروپ نے 19 مارچ کو ماسکو میں ہونے والے اجلاس میں اِس صورت حال پر بات چیت کے لیے زور دیا۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے امن مذاکرات شروع کرنے سے پہلے اسرائیل کی جانب سے اُن تمام تعمیراتی سرگرموں کو بندکرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG